نئے صنعتی مراکز بننے سے پنجاب میں صنعتی انقلاب برپا ہو گا : میاں اسلم اقبال

پیر 6 جولائی 2020 20:20

نئے صنعتی مراکز بننے سے پنجاب میں صنعتی انقلاب برپا ہو گا : میاں اسلم اقبال
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جولائی2020ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں 13سپیشل اکنامک زون بنارہی ہے، نئے صنعتی مراکز بننے سے پنجاب میں صنعتی انقلاب برپا ہو گا۔ یہ بات انہوں نے اپنے صوبائی حلقے میں نجی شعبے میں ایک ترقیاتی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنے گا۔

نئی سرمایہ کاری آنے اور نئی صنعتیں لگنے سے نوجوانوں کے لئے باعزت روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانا ہمارا ایجنڈاہے۔نوجوانوں کے لئے ترقی کے مواقع پیدا کرکے ملک وقوم کی تقدیر بدلیں گے۔

(جاری ہے)

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ رواں مالی سال ایسے منصوبے لارہے ہیں جن سے بیروزگاری کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

56ارب روپے کے ٹیکس ریلف پیکیج سے کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی۔ ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کیلئے اربوں روپے کی نئی سکیمیں لائی جا رہی ہیں۔ معاشی اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے والے منصوبوں کوترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جارہا ہے۔کرونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی اور نئے کاروبار شروع کرنے کے لئے آسان قرضوں کا پروگرام لارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات سے سرمایہ کار پنجاب کا رخ کررہے ہیں۔ہروہ ضروری اقدام اٹھائیں گے جس سے پنجاب میں سرمایہ کاری بڑھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں