غیر متحدہ اپوزیشن’’جتنی چاہے ایڑھیاں رگڑ لے‘‘ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی‘ فیاض الحسن چوہان

نام نہاد متحدہ اپوزیشن کی صفوں میں پھوٹ اور ایک دوسرے پر بے اعتباری سب کے سامنے ہے‘ وزیر اطلاعات پنجاب

بدھ 8 جولائی 2020 22:11

غیر متحدہ اپوزیشن’’جتنی چاہے ایڑھیاں رگڑ لے‘‘ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی‘ فیاض الحسن چوہان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2020ء) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اے پی سی بلائے جانے کو ایک دفعہ پھر متحدہ اپوزیشن اور عوام کو بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر متحدہ اپوزیشن ’’جتنی چاہے ایڑھیاں رگڑ لے‘‘ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،مولانا فضل الرحمان ایسے سیاسی پیراسائٹ ہیں جو اپنے مہربان کا خون چوس کر چھوڑ دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا مولانا شاید یہ حقیقت ماننے کو تیار نہیں کہ انکا سیاسی کیریئر اپنے اختتام کو پہنچ چکا۔ اسی لیے تھالی کے بینگن کے مصداق مولانا فضل الرحمان کبھی ایک کبھی دوسری پارٹی کی جانب لڑھک جاتے ہیں۔ وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے مولانا ہر پارٹی کے ساتھ ملکر حکومت کو ناکام ثابت کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن مولانا فضل الرحمان کو ہر اے پی سی میں جگ ہنسائی اور رسوائی ہی ملی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آئی اور عوام کے اعتماد پر قائم ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں