سرگودھا،وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی دربار سیال شریف آمد، پیر حمید الدین سیالوی مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت

پیر حمید الدین سیالوی مرحوم کی سماجی اور دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، عثمان بزدار

بدھ 23 ستمبر 2020 20:45

سرگودھا،وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی دربار سیال شریف آمد، پیر حمید الدین سیالوی مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار یہاں سرگودھا میں دربار سیال شریف گئے۔وزیراعلی عثمان بزدار نے سجادہ نشین سیال شریف پیر حمید الدین سیالوی کے انتقال پر سوگوار خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے پیر حمید الدین سیالوی کے انتقال پراہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار پیرحمید الدین سیالوی مرحوم کی قبر پر گئے اور فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ ا للہ تعالی مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کوصبر جمیل عطا فرمائے ۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے پیر حمید الدین سیالوی مرحوم کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ساری زندگی دین کی خدمت کی ،پیر حمید الدین سیالوی کے انتقال سے ملک ایک محب وطن شخصیت سے محروم ہوا،پیر حمید الدین سیالوی مرحوم نے سماجی شعبے میں بھی گرانقدر خدمات سرانجام دیں ،پیر حمید الدین سیالوی کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیر حمید الدین سیالوی مرحوم کی سماجی اور دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ،پیر حمید الدین سیالوی کے انتقال سے دلی رنج ہوا ہے ۔صوبائی وزراء سید سعید الحسن شاہ،سید صمصام بخاری، انصر مجید خان اور دیگر منتخب نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں