شہباز شریف ،حمزہ کی پیرول پر رہائی کے معاملہ پر درخواست وزیراعلی سردار عثمان بزدار کو پہنچا دی گئی

محکمہ داخلہ 2 روز سے زائد کا پیرول دینے کا مجاز نہیں ،وزیراعلی کسی قیدی کو 2 روز سے زائد کی اجازت دینے کے مجاز ہیں‘ ذرائع

پیر 23 نومبر 2020 23:25

شہباز شریف ،حمزہ کی پیرول پر رہائی کے معاملہ پر درخواست وزیراعلی سردار عثمان بزدار کو پہنچا دی گئی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2020ء) کابینہ کمیٹی برائے داخلہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کے معاملہ پر درخواست وزیراعلی سردار عثمان بزدار کو پہنچا دی ۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ کو 5 روز کے لئے پیرول پر رہائی دی جائے۔ محکمہ داخلہ پنجاب 2 روز سے زائد کا پیرول دینے کا مجاز نہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کسی قیدی کو 2 روز سے زائد کی اجازت دینے کے مجاز ہیں۔لیگی رہنمائوں کی رہائی کے معاملے پر وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اعلی سطح اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں درخواست کا جائزہ لیا جائے گا۔ محکمہ داخلہ کے حکام وزیراعلی کو پیرول سے متعلق رولز کے بارے بریف کریں گے۔ عثمان بزدار رولز کا جائزہ لینے کے بعد پیرول پر رہائی سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیںڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کے لئے درخواست پر کوٹ لکھپت جیل سپریٹنڈنٹ کو خط لکھ دیا ہے ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ عطا اللہ تارڈ نے نیب کے ملزمان حمزہ شہباز اور شہباز شریف کی رہائی کی درخواست دی ہے ۔شہباز شریف اورحمزہ شہباز کی رہائی کے حوالے سے طریق کار کی تفصیل دی جائے ۔جیل قوانین کی روشنی میں اس خط کا جواب جلد سے جلد دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں