جنرل ہسپتال ایمرجنسی میں قائم خصوصی’’ ٹرائی ایج‘‘میں کلر کوڈنگ سسٹم متعارف

تشویشناک مریض کی جان بچانا معالجین کی اولین ترجیح ہونی چاہئے‘پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر صحت کے ویژن کے مطابق ادارے کو مثالی علاج گاہ بنا رہے ہیں ‘پروفیسر الفرید ظفر

اتوار 29 نومبر 2020 16:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2020ء) جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی میں10بستروں پر مشتمل خصوصی’’ ٹرائی ایج‘‘ میںمریضوں کے بروقت علاج و رہنمائی کیلئے کلر کوڈنگ سسٹم متعارف کروا دیا گیا اور مریض کی نوعیت و بیماری کی شدت اور علامات کو مدنظر رکھتے ہوئے کلر کوڈنگ کے تحت بستر پر متعلقہ مریض کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تسلی بخش انتظامات کئے گئے ہیں جس سے مریض کی جان بچانے میں مدد ملے گی۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے بتایا کہ ٹرائی ایج میں راؤنڈ دی کلاک ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیںجبکہ 40نرسیں 3شفٹوں میں فرائض سر انجام دیں گی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ مالی سال کے دوران شعبہ حادثات میں 8لاکھ 51ہزار 813مریض لائے گئے اور کہا کہ ہسپتال میں آنے والے کسی بھی مریض کے کوائف /بیماری کا ریکارڈ ایم آر نمبر کے تحت درج ہوتا ہے جس سے بیمار کے دوبارہ آنے پر اس کی سابق ہسٹری علاج معالجے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر شیراز عطاء الرحمن ،انور سلطانہ، نسیم خالق اور رانا پرویز بھی موجود تھے۔ سربراہ جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ وہ ایمرجنسی سمیت تمام شعبوں کو ماڈل بنانے کیلئے پر عزم اور اپنی ٹیم کے ساتھ دن رات پیشہ وارانہ محنت و لگن کے ساتھ کوشاں ہیں اور بہتر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے والے طبی عملے کو ہر ماہ تعریفی سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا جائیگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے ویژن کے تحت ایمر جنسی میں بلا امتیاز طبی سہولیات دی جا رہی ہیںاور ادویات ،آپریشن کا سامان سی ٹی سکین اور دیگر تشخیصی سہولیات پر کسی مریض کی ایک پائی بھی خرچ نہیں ہوتی۔انہوں نے بتایا کہ ٹرائی ایج سسٹم کو مزید موثر طریقے سے چلانے کیلئے ڈاکٹرز ، نرسز کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے اور مستقبل میں بھی تربیتی ورکشاپس منعقد کروائی جائیں گی تاکہ وہ مریضوں کا بہتر طریقے سے علاج معالجہ کر سکیں۔

پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک کے بڑے ہسپتالوں میں ٹرائی ایج سسٹم پر عمل کیا جا رہا ہے جس کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں۔ اس نظام سے شدید بیماری میں مبتلا مریض کو بلا تاخیر علاج مہیا ہو جاتا ہے جس سے ان کی جان بچانے میں مدد ملتی ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ جنرل ہسپتال میں ملک بھر سے مریض لائے جاتے ہیں اور سب سے پہلے ان کا واسطہ شعبہ حادثات سے ہی پڑتا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ایل جی ایچ کو مثالی علاج گاہ بنانے کیلئے تمام کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ مریضوں کو علاج معالجے میں آسانی ہو۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ معالجین کا کام مریض کی جان بچانا ہے لہذا وہ ہسپتال میں صبرو تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا کریں تاکہ ڈاکٹرز اور نرسیں احسن طریقے سے مریض کی نگہداشت و طبی سہولیات بہم پہنچا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اکثر مریض انتہائی پریشانی کی حالت میں ایمرجنسی میں آتے ہیں۔ ڈاکٹرز و پیرا میڈکس کو بھی چاہئیے کہ وہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں کیونکہ مسکراہٹ مریضوں کا آدھا درد ختم کر دیتاہے۔ اس موقع پر صدف ، عظمیٰ ، ندرت، حافظہ کلثوم، مہناز ،حناودیگر بھی موجود تھیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں