سعودی عرب میں خاتون جج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا

خواتین کی خود مختاری اور آزادی کی سعودی حکومت بہت بڑی حامی ہے،ہندالزاہد

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 16 جنوری 2021 07:08

سعودی عرب میں خاتون جج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جنوری2021ء) جب سے محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی باگ ڈور سنبھالی ہے تب سے سعودی عرب میں روشن خیالی کا دور دورہ ہے۔ٹیکنالوجی کے علاوہ جدید دنیا کی تسخیرکے سفر میں خواتین کی آزادی کے نعرےبھی بڑی شدومد کے ساتھ بلند کے جا رہے ہیں۔گزشتہ تین سالوں میں خواتین کو سعودی عرب میں جس قدر آزادی دی گئی اتنی آزادی کا کبھی کوئی خواب بھی نہیں دیکھ سکتا تھا۔

تاہم اب خواتین کو انصاف کےمحکمے میں لانے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔عنقریب سعودی خواتین اس قابل ہو جائیں گی کہ وہ سلطنت کے انصاف کے نظام کا حصہ بن سکیں۔ترجمان ہیومن ریسورس اینڈ سوشل ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ بہت جلد سعودی عرب میں خاتون جج تعینات کی جائے گی۔ان کاکہنا تھاکہ اب خواتین قانون کے شعبے میں بھی اپنا کیرئر تلاش کر سکیں گی۔

(جاری ہے)

لہٰذا ہم بہت جلد کسی خاتون کو پہلی فی میل جج کے طور پر تعینات کرنے جا رہے ہیں۔اس کے بعد اور بھی لیول پر خاتون کی تعیناتی یقین بنائی جائے گی۔ہند الزاہد جو کہ ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ کے ترجمان ہیں کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت خواتین کی خود مختاری اور آزادی کی بہت بڑی حامی ہے۔اس حوالے سے ہم خواتین کے لیے ہر حوالے سے سازگار ماحول پیدا کرنے جا رہے ہیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ہم چاہتے ہیں کہ خواتین آگے آئیں اور قائدانہ کردار ادا کریں ان کے لیے کسی بھی فیلڈ میں جانے کے آپشن کھلے ہیں۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ سعودی عرب کے حوالے سے خواتین کی خود مختاری اور انہیں پروفیشنل لائف میں آگے بڑھنے کے حوالے سے انٹرنیشنل سروے کی رپورٹ بھی بہت اچھی آ رہی ہے کہ دنیا بھر میں سعودی عرب کے ان اقدام کو سراہاجا رہا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے وژن کے مطابق 2025تک لیبر محکمے میں بھی خواتین کی موجودگی25%تک لے جائیں گے۔سول سروسز کی بات کی جائے تو وہاں بھی خواتین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ا ور وقت کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ بھی ہو گا۔2017سے 2020تک سعودی عرب میں بزنس کے حوالے سے بھی خواتین نے کافی ترقی کی ہے اور مزید بھی حکومت ان کی حوصلہ افزائی کرے گی تاکہ مردوں کے ساتھ برابری کا توازن قائم رہ سکے۔لہٰذا خواتین کو مضبوط کرنے اور پروفیشنل میدان میں آگے لے آنے کے لیے ہر قسم کا تعاون حکومت کی طرف سے مہیا کیا جا رہا ہے اور انصاف کے نظام میں بھی خواتین کی حاضری یقینی بنانے کے لیے ایک خاتون جج کی تقرری کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں