منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 فروری تک توسیع

رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کو حاضری سے دیا گیا استثنیٰ بھی ختم ،9فروری کو ذاتی حیثیت میں طلب

منگل 26 جنوری 2021 16:27

منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 فروری تک توسیع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 فروری تک توسیع کردی، عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کو حاضری سے دیا گیا استثنیٰ بھی ختم کردیا۔لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو 6روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر جج جواد الحسن کے روبرو پیش کیا گیا۔

شہباز شریف نے چین کے سفیر کا خط عدالت میں پیش کرتے ہوئے بیان دیا کہ میں قید میں ہوں اور سفارتکار مجھے سی پیک سے متعلق خط لکھ رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ میرے خلاف جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں۔ یہ خط میری عزت نہیں بلکہ پاکستان کی عزت ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ ان پر الزامات کی دو سال سے بوچھاڑ ہو رہی ہے قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ میرے منصوبوں کو دنیا مان رہی ہے۔

دوران سماعت امجد پرویز ایڈووکیٹ نے گواہ محمد شریف کے بیان پر جرح کی۔عدالت نے شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت دیگر گرفتار ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2فروری تک توسیع کردی۔ دوسری جانب جج امجد نذیر چوہدری نے آشیانہ اقبال کیس کی سماعت 03فروری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کو حاضری سے دیا گیا استثنیٰ بھی ختم کردیا۔ عدالت نے شہباز شریف کو 9فروری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں