وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں شفاف پاکستان کی بنیاد رکھی،

موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے شفاف حکومت ہے :عثمان بزدار

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 27 فروری 2021 11:13

وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں شفاف پاکستان کی بنیاد رکھی،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جنوری2021ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں شفاف پاکستان کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے شفاف حکومت ہے ۔اڑھائی برس میں حکومت کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ الزامات کی سیاست کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔

پراپیگنڈہ کرنے والے جان لیں کہ عوام کی خدمت کھوکھلے دعوؤں سے نہیں ہوتی۔ الزامات لگانے والے پہلے اپنے کرپشن آلود گریبانوں میں جھانکیں۔مسترد شدہ عناصر محض اپنا سیاسی قد بڑھانے کیلئے تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے عملاً اقدامات کئے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کی صورت میں پاکستان کو کھرا اور مخلص لیڈر ملا ہے۔

اڑھائی برس کے دوران وہ کام کئے جو سابقہ حکومتیں برس ہا برس نہ کر سکیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عام انتخابات میں شکست خوردہ عناصر حکومت کے خلاف پہلے دن سے ہی سازشیں کر رہے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی حمایت سے حکومت کے خلاف ہر سازش ناکام ہوئی۔ اپوزیشن موجودہ صورتحال میں بھی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کو مقدم رکھنا ہر محب وطن کی ذمہ داری ہے۔ملکی مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں۔اپوزیشن ذاتی ایجنڈے کو لے کر چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک دھرتی ہم سے اتحاد و اتفاق کا تقاضا کرتی ہے اور ہماری پہچان پاکستان سے ہی ہے۔ پی ڈی ایم والے پاکستان میں انتشار پھیلا کر دشمن کے ایجنڈے کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں