اسد قیصر صاحب!آپ کتنے بے بس ہیں یہ افسوس والی بات ہے

حکومت نے رویہ نہ بدلا تو ہم سے بھی اچھے کی توقع نہ رکھے، شہباز شریف

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 17 جون 2021 07:11

اسد قیصر صاحب!آپ کتنے بے بس ہیں یہ افسوس والی بات ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جون2021ء)  قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے الزام عائد کیا ہے کہ قومی اسمبلی میں جو کچھ بھی ہوا، عمران خان کے حکم پر ہوا، حکومت نے رویہ نہ بدلا تو ہم سے بھی اچھے کی توقع نہ رکھے۔اپوزیشن لیڈر کا قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ایوان میں کبھی ایسا نہیں ہوا۔ اپوزیشن کا فیصلہ تھا کہ اگر ہماری تقریر کو پرامن طریقے سے سنا جائے گا تو ہم بھی سنیں گے۔

انہوں نے سپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دو دن سے گالم گلوچ ہوئی لیکن آپ نے اسے نہیں روکا، اب بھی وہی دھینگا مشتی جاری ہے۔ اگر آپ اتنے بے بس ہیں تو افسوس ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ نے اس ہاؤس کو قانون کے مطابق چلانا ہے۔ ایسے الفاظ ادا کیے گئے جو زبان پر لانا مشکل ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر کو چاہیے تھا کہ وہ اس طوفان بدتمیزی کو روکتے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ تین ماہ میں کرپشن ختم کرنے کے دعویدار بدترین بدعنوانی میں ملوث، سرعام عوام کی جیبیں کاٹی جا رہی ہیں۔

میاں شہباز شریف نے یہ بات قومی اسمبلی کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ اسمبلی اجلاس کے دوران آج پھر شور شرابا ہوتا رہا۔ لیگی اراکین نے صورتحال کے پیش نظر اپوزیشن لیڈر کے گرد حصار بنا لیا۔ سپیکر اسد قیصر ارکان کو بار بار خاموشی اختیار کرنے کی تلقین کرتے رہے۔شہباز شریف گزشتہ روز اسمبلی اجلاس کی صورتحال پر سخت برہم نظر آئے، انہوں نے اپنے خطاب میں سپیکر اسد قیصر سے گلے شکوے بھی کئے جبکہ حکومتی اراکین پر ایوان کا تقدس مجروح کرنے کا الزام بھی لگایا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز میری تقریر میں مداخلت کی کوئی مثال نہیں ملتی، تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ اپوزیشن لیڈر بات کرے اور مداخلت کی جائے۔انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس کا خمیازہ یہ بھگتیں گے اور تاریخ آپ کو ذمہ دار ٹھرائے گی۔ آپ نے ایوان کا تقدس مجروح کروایا ہے۔ اس دوران بھی حکومتی بنچوں سے شور شرابا جاری رہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں