لاہور کے پوش علاقے میں خالی پلاٹ سے انسانی ہڈیاں برآمد

ہڈیاں اورکپڑے کسی خاتون کے ہیں، بظاہراسے قتل کرکے لاش بوری میں بند کرکے پھینکی گئی۔ پولیس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 20 ستمبر 2021 16:27

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 ستمبر 2021ء) : صوبائی دارالحکومت کے پوش علاقے ڈیفنس میں خالی پلاٹ سے انسانی ہڈیاں برآمد ہوئیں جس کے باعث باعث سخت خوف وہراس پھیل گیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس سی کے علاقے میں خالی پلاٹ سے بدبو آنے پر پولیس کو اطلاع دی گئی جس نے موقع پر پہنچ کر تحقیق کی تو بوری میں سے انسانی ہڈیاں برآمد ہو گئیں، پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے انسانی ہڈیوں کوفرانزک لیب بھجوادیا ہے۔

ایس پی کینٹ نے واقعے سے متعلق بتایا کہ ہڈیاں اورکپڑے کسی خاتون کے ہیں، بظاہراسے قتل کرکے لاش بوری میں بند کرکے پھینکی گئی ہے،پولیس اورفرانزک ٹیموں نے موقع سے ضروری شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور علاقے کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مددسے چیک کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پو لیس نے واقعہ کا مقدمہ اے ایس آئی اسلم کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا، مقدمہ قتل سمیت دیگر سنگین دفعات لگائی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہڈیاں ڈی این اے کے ذریعے شناخت ہو جائیںگی، ذمہ داروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، شناخت کے بعد ملزمان کا تعین کیا جائے گا۔دوسری جانب تھانہ کنجاہ پولیس نے شادیوال پاورہاوس سے ملنے والی بوری بند نامعلوم نعش کا معمہ حل کرلیا،ملزم نے بیٹے کے ساتھ ملکر بہن کو تنگ کرنے پر گلے پر ڈنڈے کا دباو ڈال کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

پولیس نے وقوعہ میں ملوث مرکزی ملزم افضل ولد مہدی خاں سکنہ ٹبی چاند کو ٹریس کرکے گرفتارکرلیا۔ گرفتارملزم نے دوران انٹیروگیشن انکشاف کیا کہ وہ شام کے وقت گھر آیا توناظم حسین اس کے گھر پہلے سے موجود تھا جس پر میں نے اپنی بہن سے اسکے متعلق دریافت کیا جس نے بتلایا کہ ناظم حسین اسے تنگ کرتا ہے اور زبردستی گھر میں داخل ہو جاتا ہے۔جس پر طیش میں آکر میں نے اپنے بیٹے ندیم افضل اور بہن کے ساتھ ملکر مقتول کے گلے پر ڈنڈے کا دباو ڈال کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور نعش کو کپڑے کی گٹھری میں باندھ دیا۔

بعد ازاں نعش کو موٹر سائیکل کے آگے رکھ کر چکوڑی بیلووال پل پر لے گیا جہاں اسنے نعش نہر برد کر دی اور گھر واپس آ گیا۔ملزم کا بیٹا ندیم افضل تاحال روپوش ہے جس کی گرفتار ی کے لئے پولیس کے چھاپے جاری ہیں جبکہ گرفتار ملزم کی مزیدتفتیش جاری ہے

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں