لاہور میں بدبخت بیٹے نے بیوہ ماں کو دھکے دے کر گھر سے نکال دیا

بیٹے کے ظلم پرڈائلسز کی مریضہ بوڑھی ماں دھاڑیں مار کرروتی رہی لیکن بےرحم بیٹے کو ترس نہ آیا اور گھر پر قبضہ کرلیا، پولیس کے کاروائی نہ کرنے پر بوڑھی خاتون عدالت پہنچ گئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 23 ستمبر 2021 20:18

لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2021ء) صوبائی دارلحکومت لاہور میں بدبخت بیٹے نے بیوہ ماں کو دھکے دے کر گھر سے نکال دیا، بیٹے کے ظلم پر ڈائلسز کی مریضہ بوڑھی ماں دھاڑیں مار کرروتی رہی لیکن بےرحم بیٹے کو ترس نہ آیا اور گھر پر قبضہ کرلیا، بوڑھی ماں کی درخواست پر پولیس نے تاحال کوئی کاروائی نہیں کی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ میں بدبخت بیٹے نے گھر پر قبضہ کرنے کیلئے اپنی بیمار بوڑھی ماں کو گھر سے نکال دیا، ماں نے بیٹے کے ظلم پر رحم کی بھیک مانگتی رہی لیکن بیٹے کو ترس نہ آیا اور دھکے دے کر گھر سے نکال دیا، پروین اشرف نامی بیوہ نے بیٹے کے ظلم اور گھر پر قبضہ کرنے کیخلاف مقامی تھانہ کے ایس ایچ او کو درخواست دی لیکن پولیس نے تاحال کوئی کاروائی نہیں کی۔

جس پر ڈائلیسز کی مریضہ پروین اشرف وہیل چیئر پر حصول انصاف کیلئے عدالت پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

بوڑھی خاتون نے بتایا کہ خاوند کی پنشن اور مکان کے نیچے بنی دکانوں کے کرائے سے علاج کرواتی ہوں لیکن اب بیٹے نے گھر اور دکانوں پر قبضہ کرلیا ہے، اب لوگ علاج کیلئے مالی امداد دیتے ہیں۔ دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق گلشن معمار خادم گوٹھ میں بیٹے کے تشدد سے ماں جاں بحق ہو گئی۔

پولیس کے مطابق خاتون کے داماد کا کہنا ہے کہ اسے فون آیا کہ ماں کو اس کے بیٹے نے سر پر کوئی وزنی چیز ماری ہے۔ جب میں اسپتال پہنچا تو دیکھا کہ خاتون کی لاش موجود تھی، پولیس کے مطابق گھر والوں کے بیان کے مطابق بیٹے شکیل کا ذہنی توازن درست نہیں ہے اور وہ اس سے قبل بھی دو بار ایسا کر چکا ہے۔ ملزم کا رحیم یار خان میں بھی کافی عرصے سے علاج کرایا جا رہا تھا اور اسی سلسلے میں اسے کراچی لائے تھے۔

وقوعہ کے وقت اس کی ماں نماز پڑھ رہی تھی۔ملزم آیا اور اپنی ماں کے سر پر پتھر مار کر فرار ہو گیا۔ متقولہ کی شناخت 60 سالہ لعل بی بی کے نام سے ہوئی ۔پولیس کے مطابق اس وقت گھر میں ان کی بیٹی بھی موجود تھی۔ تاہم ان کا بیان ابھی قلمبند نہیں کیا گیا۔پولیس نے مفرور ملزم کی تلاش شروع کر دی۔ جبکہ گزشتہ روز لاہور میں جائیداد کے تنازعہ پر ایک سفاک شخص نے اپنی ضعیف والدہ اور چھوٹے بھائی کو موت کے گھاٹ اُتار دیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں