گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی عوام دشمنی، گراں فروشوں کے خلاف مہم کو تیز کردیا گیاہے، میاں اسلم اقبال

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 15:00

گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی عوام دشمنی، گراں فروشوں کے خلاف مہم کو تیز کردیا گیاہے، میاں اسلم اقبال
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2021ء) پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومتی مشینری کو پوری طرح متحرک کیا گیا ہے، گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی عوام دشمنی ہے، عوام دشمن مہنگائی مافیا کسی رعایت کا مستحق نہیں، ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف مہم کو تیز کیا گیا ہے، ناجائز منافع خوری کے ذریعے صارفین کے حقوق چھیننے والوں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔

میاں اسلم اقبال نے ہفتہ کو اپنے کیمپ آفس میں لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول میکانزم کو مزید موثر بنایا جارہا ہے اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے اضلاع کی کارکردگی  مانیٹر کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں قائم 300سہولت بازاروں میں اشیا ضروریہ رعایتی نرخوں پر مل رہی ہیں اور ان سہولت  بازاروں میں روزانہ اوسط ایک لاکھ افراد خریداری کے لئے آتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منڈیوں  میں 115کسان پلیٹ فارم فعال ہیں جبکہ ماڈل بازاروں میں بھی 10کسان پلیٹ فارم قائم کئے گئے ہیں۔ میاں اسلم اقبال نے مزید کہا کہ درآمدی چینی کی عام دکانوں، سہولت، ماڈل بازاروں میں 90روپے فی کلو کے حساب سے فروخت یقینی بنائی جارہی ہے ، سبسڈی پر عام آدمی کا حق ہے اور یہ حق اسے ہر قیمت پر دیں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں