پی ٹی آئی کی سونامی نے عوام کو گھروں کے سامان کی نیلامی پر مجبور کر دیا‘سراج الحق

نااہل حکومت کی وجہ سے، مہنگائی، بے روزگاری یک بارگی عوام پر حملہ آور ہیں،آئی ایم ایف کی غیر مشروط غلامی نے حکومت کو بے وقار کر دیا ہے وزیراعظم آئی ایم ایف کی ہدایت پر عوام کے خون پسینے سے کمائی گئی ایک ایک پائی نچوڑنا چاہتے ہیں،حکمرانوں کی بے تدبیریوں کی وجہ سے ملک افراتفری کا شکار ہو چکا ہے‘امیر جماعت اسلامی

اتوار 17 اکتوبر 2021 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2021ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سونامی نے عوام کو گھروں کے سامان کی نیلامی پر مجبور کر دیا،جان لیوا مہنگائی کی نئی لہر پر وفاقی وزراء شرمندگی کی بجائے عوام کا مذاق اڑا رہے ہیں نااہل حکومت کی وجہ سے، مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن یک بارگی عوام پر حملہ آور ہیں،آئی ایم ایف کی غیر مشروط غلامی نے حکومت کو بے وقار کر دیا ہے،وزیراعظم آئی ایم ایف کی ہدایت پر عوام کے خون پسینیسے کمائی گئی ایک ایک پائی نچوڑنا چاہتے ہیں،حکمرانوں کی بے تدبیریوں کی وجہ سے ملک افراتفری کا شکار ہو چکا ہی.عالم اسلام کی امیدوں کا محور پاکستان غلط پالیسیوں کی وجہ سے روبہ زوال ہے،قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی پاکستان کو دنیا میں کھویا ہوا مقام دلوایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کو اللہ کا زرا بھی خوف ہوتا تو شریعت سے متصادم قانون سازی کی جرات نہ کرتے جماعت اسلامی حقیقی معنوں میں ملک کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے نوجوان مایوسی کی بجائے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے ظالم حکمرانوں کے خلاف جدوجہد کا آغاز کریں. اسلام آباد میں 31 اکتوبر کو بے روز گار نوجوانوں کا احتجاج ملک میں فیصلہ کن حکومت مخالف تحریک کی بنیاد بنے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مرکزی یوتھ بورڈ کے اجلاس، تیمرگرہ میں قرآن کلاس کی اختتامی تقریب اور تعزیتی پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر احمد گوندل، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، نائب امیر جماعت اسلامی کے پی مولانا اسماعیل، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا ،امیر جماعت اسلامی راولپنڈی سید عارف شیرازی سمیت دیگر ذمہ داران شریک تھے۔

راج الحق نے تیمر گرہ میں قرآن کلاس کی اختتامی تقریب سے خطاب کیا قرآن کلاس نماز فجر کے بعد پانچ روز جاری رہی جس میں روزانہ ہزاروں افراد شریک ہوئے۔امیر جماعت نے مدرس مولانا اسماعیل اور انتظامیہ کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ایک علمی، فکری اور انقلابی تحریک ہے جو گزشتہ 80 سال سے ملک میں اقامت دین کی پرامن جدوجہد کررہی ہے، ہم اپنے ایمان اور اللہ تعالیٰ سے اپنے عہدو پیمان کی بنیاد پر پابند ہیں کہ ملک میں عوامی تائید کے زریعے اسلام کا نظام نافذ کیا جائی. جماعت اسلامی قران و سنت کے پیغام کی بنیاد پر دلوں کو مسخر کرنے کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہی. ہماری دعوت اللہ کی بندگی اور بندوں کو بندوں کے ظلم سے نجات دلا کر اسلام کے نظام عدل و انصاف کو قائم کرنے کی دعوت ہے، اب وہ وقت دور نہیں جب وطن عزیز میں اسلامی نظام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔

سراج الحق نے اسلام آباد میں مرکزی یوتھ بورڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں. حکومت آئی ایم ایف سے طے کردہ شرائط اور معاہدے قوم کے سامنے لائے، حکمرانوں کی نااہلی اور ناکامی نے پوری قوم کو آزمائش سے دوچار کر دیا ہے، نوجوانوں سے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرکے لاکھوں افراد سے روزگار چھین لیا ہی.امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت مخالف تحریک میں تیزی لائے گی، اور حکومت کو اپنے ظالمانہ فیصلے واپس لینے پر مجبور کرئے گی انہوں نے کہا کہ نوجوان مایوسی کی بجائے جماعت اسلامی یوتھ کے پلیٹ فارم سے منظم ہوں، 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں بے روزگار نوجوانوں کا احتجاج حکومت مخالف تحریک کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا. جے آئی یوتھ کے نوجوان مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کے خلاف چلنے والی تحریک میں نمایاں کردار ادا کریں گی. جماعت اسلامی 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ۔

سراج الحق نے احتجاجی پروگرام کی اب تک ہونے والی تیاریوں کی رپورٹس کی تحسین کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں