آئی جی پنجاب کاتمام تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشن کی طرز پر منتقل کرنے کا فیصلہ

پہلے مرحلے میں 63 جدید تھانوں میں فراہم کی جانے والی فری سروسز تمام تھانوں میں شروع کرنے کا حکم

بدھ 1 دسمبر 2021 00:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2021ء) آئی جی پنجاب نے تمام تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشن کی طرز پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا، پہلے مرحلے میں 63 جدید تھانوں میں فراہم کی جانے والی فری سروسز تمام تھانوں میں شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ آئی جی پنجاب رائو سردار علی نے تھانہ کلچر میں تبدیلی کا بڑا قدم اٹھایا ہے۔ ہر ون فائیو کی کال اور درخواست کو ای ٹیگ، فوری ایف آئی آر کا اندراج، چیک لسٹ آویزاں کرنے، فرنٹ ڈیسک کو 3 شفٹوں پر منتقل کرنے کا حکم دیدیا۔

شہر کے 84 تھانوں سمیت پنجاب کے تمام 720 تھانوں کو سپیشل انیشیٹو تھانوں کی طرز پر درجہ دینے کا حکم دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب کے مراسلے کے مطابق اب ہر تھانے میں آنے والے ہر شہری کا رجسٹر میں اندراج کیا جائے گا، مالیاتی کاغذات کی گمشدگی پر مدعی کا بیان حلفی لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اشتہاری کی گرفتاری ایس ایچ او کی اجازت سے جبکہ دہشتگردی، دوہرے قتل سمیت دیگر سنگین مقدمات کے اشتہاریوں کی گرفتاری ڈی ایس پی کی اجازت سے کی جائے گی۔ ایس ایچ او روزانہ کی بنیاد پر عملے کو بریفنگ دے گا، لاک اپ میں کیمرے، بائیومیٹرک حاضری سمیت دیگراحکامات پر عمل کروائے گا، تھانوں میں تین شفٹس میں ڈیوٹی ہوگی، ایس ایچ او پانی کا ڈسپنسر، ایر کنڈیشنر سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کا پابند ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں