وزیراعظم کے بعد پنجاب حکومت کا ملک عدنان کو انسانی حقوق کا ایوارڈ دینے کا اعلان

ملک عدنان کو 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن پر ایوارڈ دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر اعجاز عالم

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 6 دسمبر 2021 16:05

وزیراعظم کے بعد پنجاب حکومت کا ملک عدنان کو انسانی حقوق کا ایوارڈ دینے کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2021ء) : وزیراعظم عمران خان کے بعد پنجاب حکومت نے سانحہ سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو انسانی حقوق کا ایوارڈ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم کا کہنا ہے کہ ملک عدنان کو 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن پر ایوارڈ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک عدنان نے سری لنکن منیجر کو بچانے کی ہر ممکنہ کوشش کی۔ مجھے خوشی ہے کہ ملک عدنان نے انسانیت کی بہترین مثال قائم کی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بھی ملک عدنان تمغہ شجاعت سے نوازنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعہ میں سری لنکن فیکٹری مینجر پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کرنے والے پروڈکشن مینجر ملک عدنان کو بہادری اور اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کرنے پر تمغۂ شجاعت سے نوازنے کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوری قوم کی جانب سے میں ملک عدنان کی بہادری اور اخلاقی جرأت کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں کہ جنہوں نے سیالکوٹ میں اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہوئے پریانتھا کمارا کو پناہ دینے اور خود کو ڈھال بنا کر انہیں جنونی جتھے سے بچانے کی پوری کوشش کی۔ ہم انہیں تمغۂ شجاعت سے نوازیں گے۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے فیکٹری کے مینجر نے واقعہ کے حوالے سے مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے یرپانتھا کی جان نہ بچانے کا افسوس ہے کیونکہ وہ ایماندار اور ڈیوٹی کے معاملے میں سخت مؤقف رکھتے تھے، انہوں نے اسی وجہ سے ایک شخص کی سرزنش بھی کی تھی۔جب میں وہاں پہنچا تو 40/50 افراد ان کی جانب آرہے تھے۔ میں نے اُسے بچانے کی کوشش کی اور خود بھی تشدد کا نشانہ بنتا رہا، لیکن جب میری ہمت جواب دے گئی تو میں بے بس ہوگیا۔ افسوس ہے پریانتھا کی جان نہیں بچا سکا۔ ملک عدنان نے تمغہ شجاعت کے اعلان پر حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ میں ملک کی خاطر جان قربان کرنے کے لیے تیار ہوں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں