لاہور میں گن پوائنٹ پر طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا

طالبہ پڑوسی کے گھر کمپیوٹر سیکھنے جاتی تھی۔ پولیس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 7 دسمبر 2021 13:23

لاہور میں گن پوائنٹ پر طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 دسمبر 2021ء) : لاہور میں طالبہ کو گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ سندر میں فرسٹ ایئر کی طالبہ کو گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ متاثرہ بچی کے بیان پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ طالبہ پڑوسی کے گھر کمپیوٹر سیکھنے جاتی تھی۔

مذکورہ گھر سے ملزم حیدر نے 2 ساتھیوں کے ساتھ پہلے طالبہ کو اغوا کیا اور پھر ملزمان بچی کو ایک نامعلوم جگہ پر لے گئے جہاں اسے اپنی جنسی ہوس کا نشانہ بنایا۔ پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ملزم حیدر نے زیادتی کرنے کے بعد طالبہ سے خالی دستاویز پر دستخط بھی کروائے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لاہور میں ایک کم سن بچے کو تشدد کا نشانہ بنانے کا افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاہور کے راوی روڈ پر پیش آیا، جہاں رضوان نامی ملزم نے تین سال بچے کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ رضوان نامی ملزم بچے کو دودھ لینے کے بہانے گھر سے ساتھ لے کر گیا اور باہر جا کر اسے بد ترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ بچے پر تشدد کی ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں دیکھا گیا کہ سفاک ملزم نے راستے میں بچے پر تشدد کیا اور قتل کی دھمکیاں دیتا رہا، ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد راوی روڈ پولیس نے فوری طور پر ملزم کے خلاف کارروائی کی اور ویڈیو کی مدد سے ملزم رضوان کو گرفتار کرتے ہوئے جیل میں بند کر دیا۔

پولیس نے واقعہ سے متعلق مزید حقائق جانچنے کے لیے ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں کم سن بچوں کے اغوا اور زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں