لاہورانارکلی دھماکے کا مرکزی ملزم گرفتار

سی ٹی ڈی پنجاب نے انارکلی دھماکے میں ملوث مرکزی ملزم سمیت دو دہشت گرد گرفتار کر لیے ہیں،دہشت گرد بلوچستان سے لاہور ایک اور دھماکہ کرنے کے لیے پہنچے تھے

Umar Nawaz عمر نواز منگل 17 مئی 2022 15:34

لاہورانارکلی دھماکے کا مرکزی ملزم  گرفتار
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 مئی 2022ء ) لاہورانارکلی دھماکے کا مرکزی ملزم گرفتار۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انارکلی دھماکے میں ملوث مرکزی ملزم سمیت دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ثناءاللہ اور عبد الرزاق کو آئی ای ڈیز، ڈیٹونیٹر، ریموٹ کنٹرول اور بیٹریوں سمیت گرفتار کیا گیا ہے، یہ دہشت گرد بلوچستان سے لاہور ایک اور دھماکہ کرنے کے لیے پہنچے تھے۔

گزشتہ روز کراچی یونیورسٹی دھماکے کی طرح مزید چینی باشندوں کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کی گئی خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کیا گیا تھا۔ سی ٹی ڈی اور وومن پولیس کی جانب سے عمل میں لائی گئی کارروائی کے نتیجے میں سی پیک روٹ پر چینی قافلے کو نشانہ بنانے کے لئے تیار کی گئی خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کیا گیا تھا ، اس مقصد کے لیے سکیورٹی اداروں نے بلوچستان کے علاقہ ہوشاب میں آپریشن کیا ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا ہے کہ تربت سی ٹی ڈی اور وومن پولیس نے خفیہ اطلاع پر ہوشاب میں آپریشن کے دوران خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کیا ، جس کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے ، خاتون کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے مجید بریگیڈ سے ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ دہشت گردوں کی طرف سے تیار کی گئی خود کش بمبار خاتون سی پیک روٹ پر چینی قافلے کو نشانہ بنانا چاہتی تھی جب کہ گرفتار خاتون کا تعلق اسی گروپ سے ہے جس نے کراچی یونیورسٹی میں خودکش حملہ کیا تھا۔

چند روز سی ٹی ڈی پنجاب کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس آپریشنز کیے گئے، دوران آپریشنز18 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ انٹیلی جنس آپریشنز میں 4 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے دھماکاخیز مواد، آئی ای ڈی، فیوز اور ڈیٹونیٹر برآمد کیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 7 روز میں سرچ آپریشن کےدوران 59 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر 48 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں