جہانگیر ترین نے علیم خان کے گھر عشائیے پر نئی جماعت کا باضابطہ اعلان کردیا

عبدالعلیم خان نے اپنی رہائش گاہ پر جہانگیر ترین اور ان کے گروپ کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں ملک بھر سے سو کے قریب رہنماؤں نے شرکت کی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 7 جون 2023 23:11

جہانگیر ترین نے علیم خان کے گھر عشائیے پر نئی جماعت کا باضابطہ اعلان کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 جون 2023ء) جہانگیر ترین نے علیم خان کے گھر عشائیے پر نئی جماعت کا باضابطہ اعلان کردیا۔ عبدالعلیم خان نے اپنی رہائش گاہ پر جہانگیر ترین اور ان کے گروپ کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں ملک بھر سے سو کے قریب رہنماؤں نے شرکت کی۔ سندھ سے عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی، جے پرکاش، فاٹا سے جی جی جمال، کے پی کے سے اجمل وزیر عشائیے میں شریک ہوئے۔

پنجاب سے مراد راس، فیاض چوہان، فرودس عاشق اعوان، نعمان لنگرٹیال اور نوریز شکور شریک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے علیم خان کے گھر عشائیہ میں نئی جماعت کا اعلان کیا۔ ترین گروپ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کل پریس کانفرنس میں اپنی پارٹی اور منشور کا اعلان کرینگے۔ دوسری جانب جہانگیر ترین گروپ نے سیاسی رہنمائوں سے رابطے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں عون چوہدری،سردار تنویرالیاس اور اسحاق خاکوانی شامل ہیں،یہ کمیٹی سیاسی رہنماؤں کو ترین گروپ میں شمولیت کی دعوت دے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع ترین گروپ نے بتایا کہ فواد چوہدری اور فردوس عاشق پہلے سے ترین گروپ سے رابطے میں ہیں۔ جہانگیر ترین کی نئی پارٹی بننے کی صورت میں پرویز خٹک کو پارٹی صدر یا سیکرٹری جنرل بنائے جانے کا امکان ہے۔ جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کی ممکنہ تنظیمی عہدیداروں کے نام بھی سامنے آ گئے۔ عدالت سے تاحیات نااہلی ختم ہونے تک جہانگیرترین خود سیاسی پارٹی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے،نئی پارٹی چیئرمین یا مرکزی صدر کے عہدے پر کسی سینئر قابل بھروسہ رہنما کا انتخاب کیے جانے کا امکان ہے تاکہ نئی پارٹی کے الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کا عمل قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں