فواد چوہدری کو مزید 4 مقدمات میں ریلیف مل گیا

عدالت نے پولیس کو 21 مئی تک سابق وفاقی وزیر کی گرفتاری سے روک دیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 20 اپریل 2024 11:52

فواد چوہدری کو مزید 4 مقدمات میں ریلیف مل گیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل 2024ء ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو مزید 4 مقدمات میں ریلیف مل گیا، عدالت نے پولیس کو 21 مئی تک گرفتاری سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں وزیر فواد چوہدری کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے درخواست پر سماعت کی جہاں فواد چوہدری نے تھانہ ماڈل ٹاؤن کے 2 تھانہ گلبرگ اور نصیر آباد کے ایک ایک مقدمے میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے، آج کی سماعت کے دوران فواد چوہدری کے وکلاء نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی، جس کو منظور کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کو سابق وفاقی کی گرفتاری سے 21 مئی تک روک دیا، عدالت نے پولیس سے مقدمات کا تفصیلی ریکارڈ 21 مئی تک طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے نمبر1جج ملک اعجاز آصف نے تحریک انصاف کے رہنما وسابق وفاقی وزیرفواد چوہدری کے جی ایچ کیو حملہ سمیت 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں، اہم تنصیبات، نجی و سرکاری املاک کے گھیراؤ جلاؤ اور پولیس افسران و اہلکاروں پر حملوں کی12 الگ الگ مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی، عدالت نے مزید کاروائی کے لئے 30اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ 9مئی کے واقعات پر تھانہ آر اے بازار کے مقدمہ نمبر 708 کے علاوہ تھانہ سٹی کے مقدمہ نمبر 563، تھانہ کینٹ کے مقدمہ نمبر 836، تھانہ ریس کورس کے 759، تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمہ نمبر 2106، تھانہ صادق آباد کے مقدمہ نمبر 2076، تھانہ سول لائن کے مقدمہ نمبر 981، تھانہ وارث خان کے مقدمہ نمبر 914، تھانہ مورگاہ کے مقدمہ نمبر 397، تھانہ صدر واہ کے مقدمہ نمبر 744 اور تھانہ ٹیکسلا کے مقدمہ نمبر 940پ مشتمل12الگ الگ مقدمات درج کئے گئے تھے، ان مقدمات میں تحریک انصاف کے قائد عمران خان ، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ فواد چوہدری ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور ، شیریں مزاری ،عمرایوب ،مراد سعید ، مسرت جمشید چیمہ ، شبلی فرازاور شہباز گل سمیت مجموعی طور 500کے قریب ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا جب کہ بڑی تعداد نامعلوم ملزمان کی بھی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں