ایوان اقبال لاہور میں یوم اقلیت کے حوالے سے شاندار تقریب کا انعقاد

تمام اقلیتوں کے افراد کی شرکت ،ملی نغمے اور قومی ترانے گائے گئے،ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں حکومت پنجاب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں ہیں، اقلیتیں ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں‘صوبائی وزیر قائداعظم و علامہ اقبال کے ارشاد اور آئین کی روشنی میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں‘خلیل طاہر سندھو

جمعہ 11 اگست 2017 19:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2017ء) صوبائی محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے زیر اہتمام ایوان اقبال لاہور میں صوبہ بھر کی طرح 11اگست کو اقلیتی ڈے منانے کے حوالے سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں وفاقی وزیر کامران مائیکل، اقلیتی ایم پی ایز شہزاد منشی،کانجی رام، رومیش سنگھ اروڑا،پارلیمانی سیکرٹری طارق گل ،برناڈ جانسن، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امورعاصم اقبال ، ڈپٹی سیکرٹری سید حماد شاہ، بشپ شاہد معراج، بشپ مجید ایبل،بشپ ارشد جان ، سول سوسائٹی ،صحافی حضرات اور محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے افسران کے علاوہ تمام اقلیتوں سے تعلق والے افراد سکھ، ہندو،مسیحی اور دیگر اقلیتوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تمام شرکاء نے اپنے خطاب میں اقلیتی رہنمائوں کی خدمات پر روشنی ڈالی اور ان کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

تمام مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں اقلیتیںزیادہ محفوظ ہیں۔ اسلامی تعلیمات ، قائداعظم اور علامہ اقبال کے ارشادات کی روشنی میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ تحریک پاکستان میں اقلیتی رہنمائوں نے قائداعظم اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ قیام پاکستان کے لیے بہت سی قربانیاں دیں اور اقلیتوں کے فیصلہ کن ووٹ سے کامیابی حاصل ہوئی۔

پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں سکھ، ہندو مسیحی سب کے حقوق اس وطن میں اُسی طرح محفوظ ہیں جتنے پاکستان میں مسلمانوں کے محفوظ ہیں۔ تقریب میں خصوصی طور پر صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے خطاب کیا ، انہوں نے کہا کہ 11اگست’’ یوم اقلیت‘‘ ہمیں تحریک پاکستان میں اقلیتی رہنمائوں کا کردار ہماری حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ ہم مستقبل میں بھی پاکستان کی خوشحالی و ترقی کے لیے متحد ہو کر اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر احساس محرومی اور احساس بیگانگی کوختم کرنا ہوگا۔ہمیں مل کر ،متحد ہو کر وطن عزیز کو آگے لے کر چلنا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شہباز بھٹی کی اقلیتوں کیلئے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہ کہ صوبہ بھر کی سرکاری نوکریوں میں گریڈ1سی17تک اقلیتوں کے لیے 5فیصد کوٹہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ جس میں پانچ ہزار سے زائد لوگوں کو ابھی تک نوکریاں حاصل ہوچکی ہیں۔

اسی طرح کرسمس،ہولی، دیوالی پرپنجاب حکومت خصوصی گرانٹس فراہم کرتی ہے ۔ اقلیتی قیدیوں کی سزائوں میں کمی کے حوالے سے عید اور کرسمس کے موقع پر سزا میں6ماہ کی کمی کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ تقریب سے وفاقی وزیر کامران مائیکل نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ یوم اقلیت ہمیں پیغام دیتا ہے کہ مذہبی تعداد میں ہم کم ہو سکتے ہیں مگر پاکستان سے محبت میں ہم سب پاکستانی برابر ہیں۔

تقریب میں بشپ حضرات نے پاکستان کی خوشحالی ،ترقی اور امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دُعا کی۔ تقریب میں شہباز بھٹی شہید کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ مختلف شعبوں میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے افراد اور نمایاں عہدوں پر فائز شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے حکومت پنجاب اورفیسز آف پا کستان جاوید ولیم کی مشترکہ کتاب کی رونمائی بھی کی گئی جس میں تمام اقلیتی ہیروز کی تاریخ پڑھی جا سکے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں