چین کے ساتھ صنعتی تعاون پاکستان کو صنعتی ترقی کی شاہراہوں پر لے جائے گا، شفیق اے نقی

پیر 16 جولائی 2018 23:50

لاہور۔16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شفیق اے نقی نے کہا ہے کہ پاک چین صنعتی تعاون پاکستان کو خطے میں پیداواری مرکز بنادے گا اور پاکستان کو صنعتی ترقی کی شاہروں پر لے جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین میاں شہریار علی حافظ ایم عمران حمید وائس چیئرمین کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں سی پیک روٹس پر صنعتی زونز کے قیام سے مقامی صنعتکاروں کے لیے سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع دستیاب ہونگے اور ان صنعتی زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی ۔

(جاری ہے)

شفیق اے نقی نے کہا کہ ملک بھر میں قائم صنعتی زونز میں چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی سے بے روزگاری کا خاتمہ ، مختلف شعبوں میں معلوما ت کا تبادلہ اور مہارت میں اضافہ ہوگا ۔

انہوںنے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں چین کے تعاون سے پاکستان میں صنعتی زونز قائم کئے جائیں گے، چین کے سرمایہ کار سٹیل، سیمنٹ ،توانائی ،ٹیکسٹائل اور آٹو سیکٹر میں دلچسپی لے رہے ہیں ،گوادر فری زونز میں سرمایہ کاری کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جہاں سٹیل،پیٹروکیمیکلز و دیگر صنعتوں کے قیام پر کام شروع ہوگیا ہے۔انہوںنے کہا کہ سی پیک زونز میں صنعتوں کے قیام کیلئے پاکستانی ،چینی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں خصوصی مراعات کی فراہمی سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا۔ ان یونٹس کے قیام سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوگی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں