پی آئی ٹی بی کے ای ٹکٹنگ نظام کے تحت نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس کی تیز رفتاری پر چالان کی مد میں ساڑھے سات ارب روپے کی وصولی

آئی جی موٹرویز کی قومی شاہراہوں کے مانیٹرنگ نظام کیلئے پی آئی ٹی بی سے تعاون میں دلچسپی ‘آئی جی موٹرویز عامر ذوالفقار خان کی چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف سے ملاقات

منگل 17 جولائی 2018 18:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) آئی جی موٹرویز اینڈ نیشنل ہائی ویز عامر ذوالفقار خان نے وفد کے ہمراہ گزشتہ روز پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آئی جی عامر ذوالفقار نے نیشنل ہائی ویز اور موٹروے پولیس کے ہیومین ریسورس مینجمنٹ سسٹم سمیت مکمل نظام کو خودکار بنانے‘ سمارٹ ایپلی کیشنز کے ذریعے پٹرولنگ افسران کی کارکردگی میں بہتری‘ نگرانی کیلئے جدید کنٹرول روم کے قیام‘ویڈیو کیمروں کو مرکزی نظام سے منسلک کرنے‘ مسافروں کیلئے فوری ایمرجنسی سروسز اور موٹر وے پولیس اور اینٹی کار لفٹنگ یونٹ کے درمیان باہمی تعلق کا نظام بنانے میں دلچسپی ظاہر کی ۔

ڈاکٹر عمر سیف نے آئی جی موٹر ویز کو یقین دلایا کہ پی آئی ٹی بی کی ٹیم موٹر وے اینڈ ہائی وے پولیس کے مختلف شعبوں کو آئی ٹی پر مبنی ہر ممکن خدمات فراہم کرے گی جن سے موٹروے پولیس کو نگرانی کے نظام کو مزید موثر اور فعال بنانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ پی آئی ٹی بی کے وضع کردہ ای ٹکٹنگ نظام کے تحت نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس اب تک پورے ملک میں تیز رفتاری پر چالان کی مد میں ساڑھے سات ارب روپے وصول کر چکی ہے۔پی آئی ٹی بی نیشنل ہائی ویز اور موٹر وے کے افسران اور سٹاف کو سافٹ ویئر کے استعمال کی تربیت بھی دے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں