منصورہ ہسپتال کے ایڈمن آفیسر طارق شفیق کے اعزاز میں الوداعی تقریب ،لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ کی شرکت

ہفتہ 4 اگست 2018 21:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2018ء) منصورہ ٹیچنگ ہسپتال میں ایڈمن آفیسر طارق شفیق کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ، نائب امیر و صدر گورننگ باڈی منصورہ ہسپتال ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، ایم ایس منصورہ ہسپتال صاحبزادہ ڈاکٹر انوار احمد بگوی ، ڈاکٹر زکریاسعادت ، محمد انور گوندل ،محمدرشید سمیت سٹاف کے دیگر افراد شریک ہوئے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ طارق شفیق نے منصورہ ہسپتال میں احسن طریقے سے ذمہ داریاں نبھائی ہیں ان کی شب و روز محنت سے منصورہ ہسپتال نے دن دگنی رات چوگنی ترقی اور عوام الناس کی جو بے پناہ خدمت کی ہے اس پر ادارے کو فخر ہے ۔ صدر گورننگ باڈی منصورہ ہسپتال ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاکہ طارق شفیق نے ادارہ میں جو خدمات سرانجام دی ہیں وہ قابل ستائش ہیں ان کی شب و روز محنت سے علاقہ میں منصورہ ہسپتال کی افادیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس پر ادارہ ان کا شکر گزار ہے ۔

(جاری ہے)

ایم ایس منصورہ ہسپتال ڈاکٹر صاحبزادہ انوار احمد بگوی نے کہاکہ طارق شفیق انتہائی ملنسار شخصیت کے مالک تھے ادارہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طارق شفیق نے کہاکہ منصورہ ہسپتال سے اچھی یادیں لے کر جارہاہوں مجھے تمام سٹاف کابہت ہی تعاون حاصل رہا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں