قربانی کے ذریعے اللہ تعالی کا قرب حاصل کیا جاتا ہے : نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن

صاحب استطاعت 10ذو الحج کو سنت ابراہیمی کی اتباع کرتے ہیں : علامہ سید فرحت حسین شاہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام عید الاضحی پر ہزاروںجانوروں کی اجتماعی قربانی کی تیاریاں وانتظامات شروع شرعی اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے صحتمند جانوروں کی خریداری کی جارہی ہے : سید امجد علی شاہ

منگل 7 اگست 2018 22:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2018ء) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ صاحب استطاعت سنت ابراہیمی کی اتباع کرتے ہوئے اس عظیم قربانی کی یاد کو تازہ کرتے ہیں، حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے فرزند ارجمند حضرت اسماعیل کو اپنے رب کے سامنے پیش کر کے عبدیت کا حق ادا کردیا۔اللہ کریم نے اس عظیم قربانی کو شرف قبولیت بخشا،حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہما السلام دونوں نے ملکر اللہ کریم سے دعا کی اور پھر رب ذوالجلال نے دنیا بھر کی ہدایت ورہبری کے لیے رسالت مآب حضرت محمد مصطفی ﷺ کو حضرت ابراہیم کی اولاد میں پیدا فرما کر دین اسلام کو زندہ و پائندہ حقیقت میں بدل دیا،وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منہاج ویلفیئر کے زیر اہتمام اجتماعی قربانی 2018کے لیے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ، خرم شہزاد،حاجی محمد منظور،جواد حامد،ایوب انصاری، سعید اختر، شاہد یوسفی،میاں زاہد جاوید، سیف اللہ بھٹی،عباس نقشبندی،صفدر عباس ودیگر بھی موجود تھے،علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ عید الاضحی حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہما السلام کی اس عظیم و بے مثال کی قربانی کی یاد تازہ کرنے کے لیے تمام عالم اسلام 10ذو الحج کو عقیدت و احترام سے مناتا ہے،عربی زبان میں قربانی اس چیز کو کہتے ہیں جس کے ذریعے اللہ تعالی کا قرب حاصل کیا جاسکے،اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام عید الاضحی پر ہزاروں بڑے جانوروں کی اجتماعی قربانی کی تیاریاں وانتظامات تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں،گلگت بلتستان،آزاد کشمیر،لاہور،سمیت ملک کے 100سے زائد شہروں میں اجتماعی قربانی کے کیمپ لگائے جائیں گے،6000سے زائد جانوروں کی قربانی کی جائے گی،ہزاروں دنبے،بکرے اور چھترے بھی ذبح کئے جائیں گے،قربانی مہم 2018کے سلسلے میں 25انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، مرکزی قربان گاہ ہر سال کی طرح لاہور میں قائم کی جائے گی،لاہور میں جدید سلاٹر ہائوس میں قائم کی گئی مرکزی قربان گاہ میں سینکٹروں گائیں،بکرے،دنبے اور چھترے ذبح کر کے عید الاضحی پر سنت ابراہیمی کو زندہ کیا جائے گا،انہوں نے مزید کہا کہ شرعی اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے صحتمند جانوروں کی خریداری کی جارہی ہے، تیاریاں عروج پر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے ہزاروں کارکنان مرکزی قربان گاہ سے گوشت تیار کر کے غرباء، مساکین اور ضرورتمند افراد کے گھروں تک پہنچائیں گے،60سے زائد گاڑیوں کے ذریعے گوشت کی تقسیم کی جائے گی،گوشت کی تقسیم کے لیے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے،امجد شاہ نے کہا کہ عید قربان کے تینوں روز طبی امداد کے لیے تجربہ کار ڈاکٹرز کی ٹیم اور منہاج ایمبولینس سروس ہمہ وقت موجود ہو گی،منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت لاہور،کراچی،پنڈی،اسلام آباد،حیدر آباد،بدین،ٹھٹھہ،ڈیرہ اسماعیل خان،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی اجتماعی قربانی کے انتظامات وتیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی دکھی انسانیت کے لیے خدمات کھلی کتاب کی طرح ہیں،لاکھوں بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے،یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے آغوش کے نام سے عالمی معیار کے ادارے قائم کئے گئے ہیں جہاں انہیں مفت تعلیم،خوراک اور رہائش فراہم کی جاتی ہے،سندھ کے دور دراز علاقوں میں میٹھے پانی کے کنویں بھی کھدوائے جارہے ہیں، صاف پانی کی فراہمی کی سینکڑوں سکیمیں زیر تکمیل ہیں،یہ تمام فلاحی کام مخیر حضرات کے تعاون سے جاری ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں