چیف سیکرٹری پنجاب نے این سی اے میں تحریک پاکستان کی نادر تصاویر کی نمائش کا افتتاح کر دیا

آزادی بہت بڑی نعمت ہے، اس کی قدر وقیمت کا اندازہ وہ ہی لگا سکتا ہے جو اس نعمت سے محروم ہے، اکبر درانی

بدھ 8 اگست 2018 22:29

لاہور۔8 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2018ء) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر در انی نے نیشنل کالج آف آرٹس میں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں تحریک پاکستان کی نادر تصاویر کی نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ جشن آزادی کے سلسلے میں نیشنل کالج آف آرٹس کی جانب سے تحریک پاکستان کی نادر تصاویر کی نمائش کا انعقاد قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اس بات کا ادراک ہونا چاہئے کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے، اس کی قدر وقیمت کا اندازہ وہ ہی لگا سکتا ہے جو اس نعمت سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہم نے طویل جدوجہد اور لا تعداد قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خالق کائنات کی طرف سے ایک تحفہ ہے اور اس میں بسنے والے ہر پاکستانی کو اس کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کامقصدنوجوان نسل کو اس ملک کی عظمت، اس کے قیام کی خاطر پیش کی گئی قربانیوں اور آزادی کی اہمیت سے روشناس کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر عمل کر کے ہم اس ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کو قومی جوش و جذبے سے منانے کیلئے جامع پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت صوبائی، ڈویژنل ، ضلع اور تحصیل کی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

14اگست کی تقریبات کاآغاز مساجد میں ملک وقوم کی ترقی اور سلامتی کی دعا اور قرآن خوانی سے کیا جائیگا۔ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز میں تقریری و تحریری مقابلے، سپورٹس اورسیمینارز، سمپوزیمز،مشاعرے، ملی ترانوںو مصوری کے مقابلے، قومی پرچم لہرانے اور قومی ترانہ پڑھنے کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں