امسال پوری قوم یوم آزادی ایک نئے جوش و جذبے کیساتھ منا رہی ہے ‘ مسرت چیمہ

ہمیں بطور قوم اپنے احتساب کیساتھ آگے بڑھنے کے عزم کا بھی اعادہ کرنا ہوگا ‘ ممبر ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل

پیر 13 اگست 2018 18:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ امسال پوری قوم یوم آزادی ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے اورآج کے دن ہم نے بطور قوم اپنا نام مہذب معاشروں کی فہرست میں شامل کرانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے ،انشا اللہ وہ دن جلد آئے گا جب دنیا میں سبز پاسپورٹ کی عزت ہو گی اور ہمیں حقارت کی نگاہ سے نہیں دیکھا جائے گا ۔

(جاری ہے)

یوم آزادی کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے 25جولائی کو اپنے ووٹ کے ذریعے نئے پاکستان کی بنیا د ڈال دی ہے اور انشا اللہ اب اس پر مضبوط عمارت کھڑی ہو گی ۔ انہوںنے کہا کہ آج کے دن ہمیں بطور قوم اپنے احتساب کے ساتھ اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ اب ہم اپنا نام مہذب معاشروں کی فہرست میں شامل کرانے کے لئے دن رات محنت کریں گے اور اس کے لئے ہر پاکستانی اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرے گا۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ اب انشا اللہ ملک میں واضح تبدیلی نظر آئے گی اورپاکستان حقیقی معنوں میں قائد اعظم محمد علی جناح کا پاکستان بنے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں