چیف سیکرٹری نے سول سیکرٹریٹ میںتاریخی دستاویزات، تصاویر کی نمائش کا افتتاح کر دیا

آزادی بہت بڑی نعمت ہے،ہر پاکستانی کوملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا چاہئے‘ اکبر درانی

پیر 13 اگست 2018 19:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر در انی نے سول سیکرٹریٹ میں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میںتاریخی اور نایاب دستاویزات اور تصاویر کی نمائش کا افتتاح کیا۔مقبرہ انارکلی میں 13سی16اگست تک جاری رہنے والی چار روزہ نمائش کا انعقاد آرکائیوز اینڈ لائبریریز ونگ ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے کیا گیا ہے۔

تحریک پاکستان سے متعلق تاریخی اور نایاب دستاویزات اور تصاویر نمائش کیلئے رکھی گئی ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے صوبہ بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہم نے طویل جدوجہد اور لا تعداد قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے، اس میں بسنے والے ہر پاکستانی کو اس کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے، اس کی قدر وقیمت کا اندازہ وہ ہی لگا سکتا ہے جو اس نعمت سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کامقصدنوجوان نسل کو اس ملک کی عظمت، اس کے قیام کی خاطر پیش کی گئی قربانیوں اور آزادی کی اہمیت سے روشناس کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر عمل کر کے ہم اس ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں