لیسکوکے تمام ایس ڈی اوز شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائیں ‘مجاہد پرویز چٹھہ

آپریشن کے تمام افسران موبائل میٹر ریڈنگ کی 100فیصددرستگی کو ہر صورت یقینی بنائیں‘چیف ایگزیکٹو لیسکو

جمعرات 16 اگست 2018 20:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ لیسکوریجن میں اوور بلنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی آپریشن کے تمام افسران موبائل میٹر ریڈنگ کی 100فیصددرستگی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے یہ بات لیسکو ہیڈ کوارٹر میں تمام سرکلز کی ماہانہ کارکردگی کی بابت بلائے گئے اجلاس کے دوران کہی۔

چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ لیسکو کے تمام ایس ڈی اوز ایمرجنسی ریسپانس ٹائم کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھیں اور شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایس ڈی اوز کو اس سے قبل بھی اس حوالے سے ہدایات جاری کی گئی ہیں تاہم اگر کسی ایس ڈی او کی جانب سے فون نمبر نہ اٹھانے یا کمپلینٹ کے ازالے میں بلاوجہ کی تاخیرجیسی شکایات سامنے آئیں تو متعلقہ افسر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سی ایس ڈی مجاہد سعید رانا نے چیف ایگزیکٹو کو جولائی کے مہینے کے نتائج کے حوالے سے بریفنگ دی جس کے مطابق لیسکو کی جولائی کے مہینے میں ریکوری 100فیصد رہی جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال کمپنی کے مجموعی لاسز میں اشاریہ 6فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔لیسکو ترجمان کے مطابق لاہور سمیت لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جولائی کے دوران اب تک 295بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کے اندراج کے لئے درخواستیں جمع کروائی گئیں۔

جولائی کے مہینے میں 19.62ملین ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے جس کے نتیجے میں285.97ملین روپے کی ریکوری کی گئی ۔چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ تمام افسران موبائل نمبرز کی درستگی کو یقینی بنائیں تاکہ صارفین لیسکو سے متعلق تمام معلومات اپنے موبائل فون پر باآسانی حاصل کرسکیں۔چیف ایگزیکٹو نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام سرکلز کے کمپلینٹ سینٹرز میں بہتر سہولیات فراہم کی جائیںجبکہ لیسکو ریجن میں خراب میٹروں کی تبدیلی اور ان میٹروں سے ڈیٹا حاصل کرنے کے لئے انہیں لیبارٹری بھجوایا جائے اس کے ساتھ ساتھ جولائی کے دوران خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کو واپس اسٹور میں بھجوایا جائے تاکہ ان کی مرمت کا کام مکمل کیا جاسکے۔

۔ اس موقع پر جنرل منیجر آپریشن چوہدری محمد انور،سی ایس ڈی مجاہد سعید رانا، چیف انجنئیرچوہدری محمد امین، ڈی جی ایمپلیمینٹیشن خالد ناصر،چیف انجینئر محمد ناصر سمیت تمام سرکلز کے ایس ایز اور تما م ایکسئینز ، ،ڈپٹی کمرشل منیجرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹیکنیکل اور ڈی سی ایمز بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں