صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا نویں دسویں محرم کے جلوس کے مرکزی روٹ کا دورہ

سکیورٹی و دیگر انتظامات کا تفصیل سے جائزہ لیا

منگل 18 ستمبر 2018 21:07

لاہور۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے نویں دسویں محرم کے جلوس کے حوالے سے مرکزی روٹ کا دورہ کیا ، انہوںنے موچی دروازے سے نثار حویلی اور دہلی گیٹ تک روٹ کا دورہ کیا ، سکیورٹی و دیگر انتظامات کا تفصیل سے جائزہ لیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور، پولیس کے حکام اور لائسنس ہولڈرز بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے،صوبائی وزیر نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے مربوط انداز سے کام کر رہے ہیں اور ماتمی جلوسوں اور مجالس کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ، صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ امن و امن کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے سب کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اخوت اور بھائی چارے کی فضاء کو برقراررکھنا ہے اور پرامن فضا ء کو یقینی بنانے کیلئے علماء اکرام کو بھی اپنی اخلاقی، قومی اور ملی ذمہ داری ادا کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر عاشورہ محرم الحرام کے دوران امن کی فضا ء کو ہر قیمت پر برقرار رکھنا ہے اور تمام اداروں کو محنت جانفشانی اور تندہی سے اپنے فرائض ادا کرنا ہے ، انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت سے بڑھ کر کوئی اور ترجیح ہو نہیں سکتی اس لئے سب کو مل کر اپنی قومی ذمہ داری نبھانا ہے، روٹ کے دورے کے دوران روٹ پر واقع تجاوزات کا بھی جائزہ لیا گیا، صوبائی وزیرکو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صفائی و ستھرائی کا بھی مناسب انتظام کیا گیا ہے، پولیس حکام نے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے صوبائی وزیر کو بریف کیا ، صوبائی وزیر نے اپنے دورے کے دوران انتظامات کے حوالے سے انتظامی اور پولیس افسران کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں