حکومت پنجاب نے عاشورہ محرم پر امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے ‘حافظ ممتاز

عاشورہ کے جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں پر سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کے ساتھ انہیں چوکس رکھا جائے اور تمام تر آلات ہر لحاظ سے فعال رہنے چاہیں‘صوبائی وزیر

جمعرات 20 ستمبر 2018 17:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن/انچارج محرم انتظامات ضلع چنیوٹ حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر حکومت پنجاب نے عاشورہ محرم پر امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے ہیں جن پر موثر انداز میں عملدرآمد کے لئے صوبائی وزراء سمیت تمام انتظامی مشینری متحرک ہے جو تحفظ عامہ کے لئے تمام تر حفاظتی وانتظامی امور کی سخت مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ یوم عاشور کے تقدس پر آنچ نہ آئے۔

انہوں نے یہ بات ڈی سی آفس چنیوٹ میں محرم انتظامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے انتظامی وحفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ آصف چوہان،ڈی ایس پی لیگل اختر کانجو،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سیف ،میونسپل آفیسر انیس احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے کہا کہ دس محرم پر حفاظتی انتظامات میں معمولی سی بھی لغزش کی گنجائش نہیں لہذا سیکیورٹی سٹاف تعزیہ وذوالجناح کے جلوسوں ومجالس کے ہر زاویے سے سخت ترین حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے حساس جلوسوں ومجالس اور فلیش پوائنٹس پر اضافی سٹاف کی تعیناتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہ کر تمام امور پر گہری نظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں پر سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کے ساتھ انہیں چوکس رکھا جائے اور تمام تر آلات ہر لحاظ سے فعال رہنے چاہیں۔

انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم سے حفاظتی اقدامات کی مانیٹرنگ میں تعطل نہیں آنا چاہیے اور مختلف محکموں کا سٹاف رپورٹ ہونے والے کسی بھی واقعہ پر فوری ردعمل کا مظاہرہ کرے جبکہ سامنے آنے والے مسئلہ کے ازالہ میں تاخیر نہ کی جائے۔انہوں نے محرم ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ رکھا جائے اور ڈاکٹرز وپیرا میڈیکس سٹاف کی حاضری یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ادویات کا بھی خاطر خواہ بندوبست ہو۔

صوبائی وزیر نے ڈی سی آفس میں نصب جدید وہائی ٹیک سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں ومجالس کے راستوں پر حفاظتی وانتظامی اقدامات کا بغور جائزہ بھی لیا اورکہا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے مشکوک افراد پر گہری نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کنٹرول روم میں سٹاف کی حاضری بھی چیک کی اور انہیں فرائض ذمہ داری سے ادا کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر یوم عاشور تک محرم انتظامات کی مانیٹرنگ کریں گے جنہیں کامیاب بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنرمحمد خضر افضال چوہدری نے محرم انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم سے قبل ضلعی امن کمیٹی،انٹیلی جنس کمیٹی،تعزیہ لائسنس ہولڈرز کے ساتھ اجلاسز منعقد کرکے سامنے آنے والے بعض مسائل کو پیشگی بنیادوں پر حل کیا گیا اسی طرح جلوسوں کے راستوں پر تجاوزات کے خاتمے،فیسکو،سوئی گیس ،پی ٹی سی ایل کی تنصیبات کی چیکنگ کے علاوہ بجلی کی بلاتعطل سپلائی کے لئے متبادل انتظام اور روٹس پرصفائی ستھرائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلعی اور تحصیل سطح پر کنٹرول رومز فعال اورمحرم سیکیورٹی پلان کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور یوم عاشور کے موقع پر بھی سخت ترین اقدامات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا ضلع بھر میں عشرہ محرم کے دوران 258 جلوس اور 685 مجالس منعقد ہورہی ہیں جن کے لئے جامع حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 21 علماء کرام وذاکرین کی زبان بندی اور 46 کی ضلع میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی۔انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر اہم اور مرکزی جلوسوں کی صورتحال سے بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جلوسوں کی 145 جدید کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں