صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال سے صنعت کاروں،تاجروں اور کاروباری تنظیموں کے نمائندوںکی ملاقات

منگل 25 ستمبر 2018 23:35

لاہور۔25 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے پنجاب بھر سے صنعت کاروں،تاجروں اور کاروباری تنظیموں کے نمائندوںنے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی جس میں چھوٹی صنعتوں کے فروغ ،صنعتوں کو درپیش مسائل اور تربیتی پروگراموں کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غورکیا گیا۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹی صنعتیں کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں،پنجاب حکومت چھوٹی صنعتوں کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے،نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔نوجوانوں کو بااختیار بنا کر ملک وقوم کی تقدیر بدلیں گے،نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے کے لئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کا پروگرام سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر آگے بڑھائیں گے،ایسی صنعتی پالیسی دیں گے جس سے صنعتوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیوٹا کو فعال ادارہ بنایا جائے گا تاکہ وہ صنعت کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت فراہم کر سکے،صنعت کو درپیش مشکلات باہمی مشاورت سے دور کریں گے،صنعت کاروں نے جو قابل عمل تجاویز دی ہیں ان پر عمل کیا جائے گا،ملک کی ترقی اور قومی معیشت کی مضبوطی کے لئے ہمیں مل کر آگے بڑھناہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ موجودہ صنعت کو اس قابل بنانا ہے کہ یہ ملک کی برآمدات میں اضافے کا باعث بنے۔

غریب عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہمارا مشن ہے۔حکومت کے 100روزہ پلان میں غربت اور بے روزگاری میں کمی لانے کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایس ایم ای سیکٹر کو ترقی دینے کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔اہداف طے کرکے ان کے حصول کے لئے دن رات ایک کردیں گے۔سیکرٹری صنعت ،ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریزکارپوریشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں