لاہور ، شیخو پور اور قصورمیں غیر قانونی شکاریوں کو 3لاکھ 5ہزار روپے جرمانہ

سعودی عرب سے بغیر پرمٹ 80کبوتر درآمد کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی

پیر 8 اکتوبر 2018 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2018ء) ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور ریجن ظفرالحسن شاہ کی ہدایت پر جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار و خرید وفروخت کیخلاف متعلقہ ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف افسران کی سربراہی میں تشکیل دئیے گئے وائلڈلائف سکواڈ ز نے لاہور ، قصور اور شیخو پورہ کے اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئی13ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے 80زندہ کبوتر ،9مرغابیاں اور سامان شکار برآمد کرلیا۔

غیر قانونی شکاریوں سے مجموعی طور پر 3لاکھ 5 ہزار محکمانہ معاوضہ وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع کروادیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وائلڈلائف سکواڈ نے لاہور ائیر پور ٹ پر سعودی عرب سے آنیوالے مسافر تصور اقبال سے 80زندہ کبوتر برآمد کر کے ملزم کو بغیر پرمٹ پرندے درآمد کرنے کے جرم میں 40ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ ایک دوسری کارروائی میں غیر قانونی شکار میں ملوث ملزم عمران رفیق سے 9زندہ مرغابیا ں قبضے میں لیکر15ہزار روپے محکمانہ معاوضہ وصول کرلیا۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ وائلڈلائف افسر قصور کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم نے وائلڈلائف سینگچوری چھانگا مانگا میں پاڑہ ہرن کا غیر قانونی شکار کرنے پر شوکت عرف گوگی سکنہ چونیاں کو حراست میں لے لیا۔ ملزم کی درخواست پر اس سے 30ہزار روپے محکمانہ معاوضہ وصول کیا گیا ۔اسی سکواڈ نے ضلع قصورکے بارڈر بیلٹ ایریا میں واقع گیم ریزرو ایریا میں چھاپہ مارکے غیرقانونی شکار کرنے کے جرم میں 9ملزمان عامر ، زاہد ، کاشف ، نعیم مسیح ، فرحان علی، میزان، عمران ، لیاقت علی، محسن علی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ان سے مجموعی طور پر 2لاکھ 10ہزار روپے محکمانہ معاوضہ وصو ل کرلیا ۔

اسی طرح ضلع شیخو پورہ میں غیرقانونی شکارکیخلاف جاری مہم کے دوران وائلڈلائف کی چھاپہ مار ٹیم نے دریائے راوی کے کنارے تلواڑہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے مرغابی کا غیر قانونی شکار میں ملوث ملزم محمد شریف کو گرفتار کرکے اس سے 12بور گن برآمد کرلی ۔ بعدازاں ملزم کی درخواست پر اس سے 10ہزار روپے محکمانہ معاوضہ وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروا دیا گیا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں