ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ ہسپتال میں 97 فیصد تعمیراتی کام مکمل

سیکرٹری ہیلتھ کا دورہ ،ہسپتال میں داخل مریضوں کو خریدی گئی ادویات کی رقم واپس کرادی

پیر 8 اکتوبر 2018 18:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2018ء) سیکرٹری ہیلتھ پنجاب ثاقب ظفر کو بتایا گیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ ہسپتال میں 97 فیصد تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ سنٹرلی ہیٹ اینڈ کولنگ سسٹم کے لئے بیشتر مشینری نصب کرلی گئی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال میں کارڈیالوجی، ڈرماٹالوجی، پلاسٹک سرجری سمیت 7 اہم شعبے نئی عمارت میں فنکشنل کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرسیکرٹری ہیلتھ پنجاب ثاقب ظفر خصوصی ٹیم کے ساتھ 3 روزہ دورے پر ڈیرہ غازی خان پہنچے جہاں انہوں نے ٹیچنگ ہسپتال سمیت متعدد سرکاری طبی مراکز کا معائنہ کرکے سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر شہناز نعیم، ڈی جی منیر احمد اور دیگر افسر بھی ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیچنگ ہسپتال کے دورے میں کمشنر ڈیرہ غازی خان رانا گلزار احمد اور ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی نے سیکرٹری ہیلتھ کو ہسپتال میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

سیکرٹری ہیلتھ نے ٹراما سنٹر ، ایمرجنسی،نیو گائنی وارڈ اور میڈیسن سٹور کا معائنہ کیا۔ وارڈ کے معائنے کے دوران بعض مریضوں نے شکایت کی کہ انہیں کچھ ادویات باہر سے خریدنا پڑی ہیں۔ ثاقب ظفر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس ہسپتال کو ہدایت کی کہ فوری طور پر مریضوں کو خریدی گئی ادویات کی رقم واپس کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں داخل مریضوں کو ہرگز باہر سے کوئی دوائی نہ خریدنے کیلئے کہا جائے۔

سیکرٹری ہیلتھ نے ہسپتال کے زیر تعمیر 370 بیڈ کے توسیعی منصوبہ کا بھی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر سینئر پروفیسرز کی کمی ہے۔ محکمہ صحت روٹیشن پر یہاں سنیئر پروفیسروں کو تعینات کررہا ہے تاکہ پسماندہ علاقوں میں بھی علاج کی اعلیٰ سہولیات دستیاب ہوں۔ ضلع ڈیرہ غازی خان کے تمام مراکز صحت کے اعداد و شمار اکٹھے کئے جارہے ہیں،جلد مثبت تبدیلی آئیگی۔ ثاقب ظفر نے کہا کہ ہسپتال کے لئے درکار مزید فنڈز بھی جلد جاری کردیے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں