کل مسالک علماء بورڈ کی وزیر اعظم عمران خان کے ریاست مدینہ طرز کی حکومت کے قیام کے اعلان کی تائید و حمایت کی یقین دہانی

مدارس کی اصلاحات علماء کی مشاورت سے ہوں گی، پاکستان پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا‘وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کاعلما ء مشائخ کانفرنس سے خطاب

پیر 8 اکتوبر 2018 22:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2018ء) کل مسالک علماء بورڈ نے وزیر اعظم عمران خان کے ریاست مدینہ طرز کی حکومت کے قیام کے اعلان کی تائید اور حمایت کی یقین دہانی کروا دی،کل مسالک علماء بورڈ کے زیر اہتمام علما ء مشائخ کانفرنس کا انعقاد لاہور کی مقامی مسجد میں ہوا،جہاں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری ، مولانا محمد عاصم مخدوم سربراہ کل مسالک بورڈ سمیت بورڈ کے دیگر رہنمائوں نے شرکت کی،وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ ہم نے اللہ کے گھروں کو تقسیم کر دیا ہے‘ بریلوی‘ شیعہ‘ اہلحدیث ایک دوسرے کی مسجدوں میں نہیں جا سکتے، ہم سب کے رہبرورہنما نبی کریم محمدﷺ ہیں‘ ہم اس سے دور نہیں جا سکتے،نبی کریمﷺ نے مسجد نبوی میں عیسائیوں کیلئے خیمے گاڑے ،ہمیںنبی کریم ﷺ کی پیروی کرنا ہے،جو دینی حلقوں کی عزت کرے گا وہی عزت کمائے گا ،ورنہ ذلیل ہو جائے گا،ہمیں اختلاف سے بچنا چاہیے ،شافی‘مالکی‘حنبلی‘جعفری سب کے راستے نبی کریم ﷺ کی طرف جاتے ہیں،ہم اپنے مذہبی اختلافات کو مل بیٹھ کر کم کر سکتے ہیں،میرا کام آپ کے احساسات وجذبات کو وزیر اعظم تک پہنچانا ہے،بطور انسان علماء کی ذمہ داریاں ہیں، خاص کر اپنی تقاریر و بیانات سے دوسروں کی تذلیل اور کفر کے فتوے نہ لگائے جائیں، علماء دین کو چاہیے کہ وہ اپنے خطبات میںتعلیم‘صحت‘صفائی‘شجر کاری‘پانی کی بچت‘خوش اخلاقی کی ترغیب دینے کے ساتھ ساتھ رشوت اور بدعنوانی سے اجتناب کرنے کی تلقین کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہر میٹنگ میں ریاست مدینہ کی طرز حکومت کی مثال دیتے ہیں،ہم اپنے دین کے پابند ہیں، پارلیمنٹ کے پہلے اجلا س میں ہالینڈ میں ہونیوالے خاکوں کی قرارداد پیش کی گئی،عمران خان نے اس مسئلہ میں بہتری دکھائی، پی ٹی آئی کی جانب سے مدارس و مساجد کو خیر ہی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ مدارس کی اصلاحات علماء کی مشاورت سے ہی ہوں گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے گلے شکوے اپنی جگہ لیکن ہم سب کی پناہ پاکستان ہے اور پاکستان پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا،یہ ملک ہم نے بڑی قربانیوں سے حاصل کیا ہے اور اس کی حفاظت بھی ہم پر فرض ہے۔اس موقع پر کل مسالک بورڈ کے دیگر علماء و مشائخ نے بھی خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں