پی یو جے کے زیر اہتمام صحافتی اداروں میں سنسر شپ ،ڈاون سائزنگ اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاج

تنخواہوں کے معاملے ہر مالکان سے مذاکرات جاری ہیں جو ادارہ دو ماہ تک تنخواہ نہیں دے گا اس کے اشتہارات روک دیے جائینگے ‘فیاض الحسن چوہان کسی بھی معاملے میں کسی ادارے یا اس کے ملازمین سے زیادتی نہیں ہونے دیں گے،650ڈمی اخبارات کے ڈیکلیریشن منسوخ کر دیئے ہیںانکی وجہ سے حقداروں کی حق تلفی ہو رہی تھی‘صوبائی وزیر اطلاعات

منگل 9 اکتوبر 2018 20:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) پی ایف یو جے کی کال پر پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام صحافتی تنظیموں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرے میں پی یو جے کے صدر نعیم حنیف،پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیر،چیئرمین جرنلسٹ گروپ ارشد انصاری ،صدر ایمرا شوکت علی،صدر اینکا رضوان انور ،سی بی اے یونین ،چیرمین برابری پارٹی جواد احمد ،اپنک کے چیئرمین منصور ملک ،ایم ڈبلیو او کے مرسلین غازی ،شیخ سلطان ،امتیاز عالم ورلڈ کالمسٹ کے سردار مراد علی سمیت صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مظاہرے میں صوبائی زیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن نے کہاکہ تنخواہوں کے معاملے ہر مالکان سے مذاکرات جاری ہیں اور پالیسی وضح کی جا رہی ہے ،وزیراعلی پنجاب کی منظوری کے بعد اس پالیسی کو نافذ کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جو ادارہ دو ماہ تک تنخواہ نہیں دے گا اس کے اشتہارات روک دیے جائیں گے ۔

نئی اشتہاری پالیسی میں تمام سٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو شامل کیا جائیگا۔انہوںنے کہاکہ کسی بھی معاملے میں کسی ادارے یا اس کے ملازمین سے زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔پنجاب حکومت کے جن محکموں نے اشتہارات کی ادائیگی روک رکھی ہے ان سے واجبات کی وصولی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی طرف سے کسی میڈیا ادارے پر کسی قسم کی سنسرشپ نہیں۔

تمام اخبارات اور میڈیا کے ادارے حکومت کے لیے یکساں اہمیت کے حامل ہیں۔صحافیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے کوشاں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ 650ڈمی اخبارات کے ڈیکلیریشن منسوخ کر دیئے ہیںانکی وجہ سے حقداروں کی حق تلفی ہو رہی تھی۔ ا س موقع پر مقررین کا کہناتھا کہ صحافتی اداروں پر سنسر شپ کسی صورت قابل قبول نہیں آزادی صحافت پر قدغن نہ پہلے صحافیوں نے برداشت کی نہ اب کریں گے۔

صدر پی یو جے نعیم حنیف نے ڈاون سائزنگ اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کسی صورت قابل قبول نہیں اس کے لیے ملک بھر کے صحافی ایک ہیں۔ارشد انصاری نے کہا کہ تمام صحافی تنظیمیں ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے میدان عمل میں اتر آئی ہیں اب اس کے حل تک جدوجہد جاری رہے گی ۔جواد احمد نے صحافی برادری کو یقین دلایا کہ وہ سنسر شپ ،ڈاون سائزنگ اور تنخواہوں کے مسئلے پر ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ۔مظاہرے کے شرکا نے صحافی برادری کی حق تلفی پر شدید احتجاج کیا اور اعلان کیا کہ اب یہ تحریک جاری رہے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں