فوڈ اتھارٹی کی علی الصبح ناقص گوشت کے خلاف کارروائیاں، بکر منڈی میں بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت تیار کرنے والے 6 غیر قانونی مذبح خانے سیل کر دئیے،

ناقص گوشت کے خاتمے کیلئے ٹیمیں صوبہ بھر میں متحرک ہیں،کیپٹن (ر) محمد عثمان

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 18:40

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے ویجیلینس سیل کی اطلاع پر بکر مندی میں واقع غیر قانونی مذبح خانوں کے خلاف کارروائیاں کر تے ہو ئے متعدد مذبح خانوں کوسربمہر کرتے ہو ئے بھاری مقدار میں مضر صحت گوشت برآمد کر لیا۔تفصیلات کے مطابق دودھ اور انڈوں کے بعد ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے علی الصبح ناقص گوشت فروخت کرنے والوں کیخلاف کاروائیاں کیں۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان نے ویجیلنس ونگ کی اطلاع پرمیٹ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ بکر منڈی میںواقع 6 غیر قانونی مذبح خانے سیل کر دیے ۔ غیر قانونی مذبح خانوں سے چھ ہزار500کلو ناقص گوشت، 1000 کلو چربی، اور800 لیٹر باقیات سے نکلا تیل برآمد کیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق غیر قانونی مذبح خانوں میں بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت تیار کیا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

مضر صحت گوشت کو الی لگے گندے فریزروں میں سٹور کیا گیا تھا۔ناقص گوشت کو جعلی مہریں لگا کر مختلف علاقوںمیں فروخت کیا جاتا تھا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمو ں نے بکر منڈی میں ہی کارروائیوں کے دوران جانوروں کی باقیات سے تیل تیار کرنے والا یونٹ بھی پکڑلیا۔ایک ہزارکلو سے زائد چربی، جانوروں کی باقیات سے تیار کردہ 800 لیٹر تیل اور12 ڈرم برآمد کر لیے گئے۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ ناقص اوربیمار گوشت کا استعمال متعدد بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔غیر قانونی ذبح خانے جانوروں کی باقیات سے تیل تیار کرنے کے مکروہ دھندے کو بھی فروغ دے رہے تھے۔صحت دشمن عناصر زیادہ منافع کمانے کے لالچ میں سستے بیمار جانوروں کا گوشت مہنگے داموں فروخت کر کے موذی بیماریاں بانٹتے ہیں۔گوشت بھی دودھ اور انڈوں کی طرح بنیادی اہمیت کی حامل غذا ہے۔ ناقص گوشت کے خاتمے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ویجیلنس اور میٹ سیفٹی ٹیمیں صوبہ بھر میں متحرک ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں