ڈائریکٹر جنرل نرسنگ کا نرسز کیلئے شوگر کی بیماری پر ایک سالہ ڈپلومہ کی تجویز کا خیر مقدم ، موجودہ حکومت کا صحت کے شعبے میں ویژن لائق تحسین ہے ،کوثر پروین

اتوار 21 اکتوبر 2018 19:30

لاہور۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب کوثر پروین نے پرنسپل امیر الدین میڈیکل و لاہور جنرل ہسپتال کی جانب سے ذیابیطس کے مرض پر نرسوں کے لئے ایک سالہ بیسک ڈپلومہ اور نرسنگ نصاب میں مضمون شامل کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے محکمہ صحت پنجاب کو جلد سفارشات ارسال کریں گی تا کہ اس اہم موضوع پر نرسوں میں پیشہ وارانہ قابلیت پیدا کی جا سکے اور وہ شوگر کے مریضوں کا بہتر انداز میں علاج معالجہ کر سکیں ،ڈی جی نرسنگ نے کہا کہ شہریوں کو شوگرجیسی خاموش قاتل بیماری سے محفوظ بنانے کیلئے نرسنگ کی خدمات کو مزید فعال بنایا جائے گا- اس ضمن میں مختلف ہسپتالوں میں تربیتی ورکشاپس منعقد کرائی جائیں گی جس سے نرسنگ کمیونٹی کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا ، ان کا کہنا تھا کہ ہماری نرسیںکسی دوسرے ملک سے کم نہیں البتہ ترقی یافتہ ملکوں میں نرسوں کا دائرہ کار مقابلتاً پاکستان سے زیادہ ہے ،انہوں نے کہا کہ ہماری نرسیں ڈاکٹر ز کے شانہ بشانہ 24گھنٹے دکھی انسانیت کیلئے کوشاں رہتی ہیں اور اُن کی طبی خدمات ہر لحاظ سے قابل ستائش ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈی جی نرسنگ کوثر پروین نے کہا کہ موجودہ حالات میں نرسوں کو ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ سہولتیں حاصل ہیں اور ان کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ زیادہ لگن اور تندہی کے ساتھ خدمات سر انجام دیں اور دنیا کے ساتھ ساتھ اپنی آخرت سنوارنے کا بھی سامان پیدا کریں ،انہوں نے کہا کہ نرسنگ شعبے کی سربراہ ہونے کے ناطے وہ اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے کیلئے کئی ایک کاوشیں کر رہی ہیں جن کے مثبت اثرات سے نرسنگ کا شعبہ مستفید ہو رہا ہے ،کوثر پروین نے امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر محمد طیب کی تجاویز کو سراہااور نرسوں کیلئے ہونے والی ورکشاپس کو انتہائی فائدہ مند قرار دیا ،انہوں نے کہا کہ ایسی ورکشاپس جونئیر سٹاف کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ان کا مسلسل انعقاد ہوتا رہنا چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں