کشمیر کے حوالے سے کرکٹرشاہد آفریدی کاغیر ذمہ دارانہ بیان قابل مذمت ہے‘امیر العظیم

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،اس سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب

جمعرات 15 نومبر 2018 22:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کرکٹرشاہد آفریدی کے کشمیر کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس سے دستبردار ہونے کے مشورے دینے والے مسئلے کی اہمیت سے نابلد ہیں۔ شاہدآفریدی کو قومی مفادکے خلاف ایسے بیانات دینے سے گریز کرنا چاہئے۔

بحیثیت کرکٹروہ ایک اچھی شہرت کے حامل ہیں اس طرح کے منفی بیانات سے انہیں عوامی نفرت کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ بانی پاکستان قائد اعظمؒ نے کشمیر کوپاکستان کی شہ رگ قرار دیاتھا۔پاکستان کی زمین کو سیراب کرنے والے تمام دریاکشمیر سے نکلتے ہیں۔مسئلہ کشمیر ہندوستان کے ساتھ ہماری خارجہ پالیسی کاسب سے اہم اور حساس معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی کے متنازعہ بیان سے پاکستانی قوم اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی دل آزاری ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ 1947سے لے کر اب مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔ہزاروں نوجوانوں کوبینائی سے محروم کردیاگیاہے اوران گنت بے گناہ کشمیری نوجوان بھارتی عقوبت خانوں میںوحشیانہ تشددکاسامنا کررہے ہیں۔کشمیریوں کی تیسری نسل بھی آزادی کی خاطر قربانیاں دے رہی ہے۔

دنیا کو ان قربانیوں کااعتراف کرتے ہوئے ہندوستان کو مظالم سے روکنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے 22کروڑ عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی ہر ممکن سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت کو جاری رکھیں گے۔ایک سازش کے تحت ہندوستان کی غاصب فوج مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کررہی ہے۔

المیہ یہ ہے کہ اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے علمبردار تمام ممالک اور تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ پاکستان کی شہ رگ ہے اس کے بغیر پاکستان کے وجود کو قائم ودائم رکھنا ممکن نہیں۔جموں وکشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔کشمیری بچہ بچہ ہندوستانی فوجیوں کے سامنے آزادی کانعرہ لگانے سے نہیں گھبراتااور بھارتی فوجیوں کے ٹینکوں کامقابلہ غلیلوں سے کیاجارہا ہے۔

اس مسئلے کے پائیدار حل تک جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیاجائے یہ ان کابنیادی حق ہے۔بھارت اب زیادہ عرصے تک مقبوضہ کشمیر پر اپنا تسلط برقرارنہیں رکھ سکتا۔تحریک آزادی کشمیر میں نئی جان پڑ چکی ہے اور انشاء اللہ مقبوضہ کشمیر جلدآزاد ہوکرپاکستان کاحصہ بنے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں