سو دنوں کی کارکردگی بارے ہم اللہ اور عو ا م کے سامنے سرخرو ہوئے،ثوبیہ کمال

بدھ 12 دسمبر 2018 23:40

لاہور۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان ثوبیہ کمال خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے ادوار حکومت عوام کیلئے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں تھے ، ملک کو مسائل میں دھکیل دیا گیا ، سٹیٹس کو کی حامل قوتیں غریب کی حالت زار میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور ان کی جانب سے اب بھی مزاحمت کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا موقف ہے کہ ہم نے سٹیٹس کو کو توڑنا ہے اور پسے ہوئے طبقات کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو آئے ہوئے ابھی چند ماہ ہی گزرے ہیں لیکن سمت کے تعین کیلئے اٹھائے گئے اقدامات نے ہی اپوزیشن کو خوفزدہ کر دیا ہے اور اسے اپنا سیاسی مستقبل ہمیشہ کیلئے دفن ہوتا ہوا نظر آرہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سو دنوں کے حوالے سے ہم اللہ اور عو ا م کے سامنے سرخرو ہوئے ہیں، ہمارے تمام وزرا ء نے پوری تندہی سے عوام کی خدمت کی، ہماری حکومت کے پہلے سو دنوں میں پچیس سے اٹھائیس چھٹیاں آئیں مگر وزیر اعلیٰ اور وزراء نے ایک بھی چھٹی نہیں کی، اس کی وجہ صرف اور صر ف وہ اخلاقی، قانونی اور آئینی ذمہ داری تھی جو ہمارے کپتان اور ہمارے وزیر اعلیٰ نے ہم پر ڈالی تھی کہ ہم ان کے سامنے سرخرو ہو سکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں