فرنیچر کی صنعت اور انٹیرئر ڈیزائننگ کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے

حکومت عالمی معیار کے مطابق فرنیچر کی تیاری کے لیے جدید اور سائنسی بنیادوں پر تربیت فراہم کرے تو خواتین فرنیچر برآمدات کے فروغ اور ملک کے لیے زر مبادلہ کے حصول کے لیے اہم خدمات سرانجام دے سکتی ہیں، ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز لاہور ڈویژن کی صدر ڈاکٹر فائزہ امجد کی ’’ انٹیرئرز پاکستان‘‘ میگا نمائش کے موقع پرگفتگو پی ایف سی خواتین فرنیچر ڈیزائنرز و پروڈیوسرز کی بھر پور حوصلہ افزائی اور ان کے فرنیچر کی مقامی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی و فروغ کے لیے معاونت کرے گی، چیف ایگزیکٹو پاکستان فرنیچر کونسل میاں محمد کاشف اشفاق

اتوار 16 دسمبر 2018 16:30

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ڈبلیوسی سی آئی )لاہور ڈویژن کی صدر ڈاکٹر فائزہ امجد نے کہا ہے کہ فرنیچر کی صنعت اور انٹیرئر ڈیزائننگ کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے، حکومت انھیں عالمی معیار کے مطابق فرنیچر کی تیاری کے لیے جدید اور سائنسی بنیادوں پر تربیت فراہم کرے تو فرنیچر برآمدات کے فروغ اور ملک کے لیے زر مبادلہ کے حصول میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی قیادت میں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد جس میں چیمبر کی بانی صدر ڈاکٹر شہلہ جاوید اکرم، سابقہ صدر شازیہ سلیمان، سابقہ سینئر نائب صدر انیلہ سلیم، عظمیٰ عمران، اظہرہ اور ماہ نور شامل تھیں، کے ہمراہ پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام ایکسپوسنٹر لاہور میں جاری تین روزہ بین الاقوامی ’’ انٹیرئرز پاکستان‘‘ میگا نمائش کے دورے کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے سٹالز کا دورہ کیا اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، انھوں نے بہترین نمائش کے انعقاد پر پاکستان فرنیچر کونسل کی کوششوں کو سراہا۔ڈاکٹر فائزہ امجد نے کہا کہ خواتین آبادی کا بڑا حصہ ہیں جن کی قومی ترقی کے شعبوں میں بھرپور حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ فرنیچر کی صنعت کو ابھی تک ماہر افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے،اگر خواتین کو مناسب تربیت فراہم کی جائے تو بڑھتی طلب پوری کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں چاہے گھریلو صنعت ہی کے ذریعے ہی کیوں نہ ہو۔

ڈاکٹر فائزہ امجد نے کہا کہ خواتین کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے، وہ بطور انجینئر، ڈاکٹر، جرنلسٹ، پائلٹ، پروفیسر اور سوشل ورکر متعدد شعبوں میں اہم خدمات سرانجام دے رہی ہیں تاہم انھیں ملکی سوشیواکنامک ترقی کے لیے مزید مواقع کی ضرورت ہے۔وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد کاشف اشفاق نے کہا کہ فرنیچر کونسل خواتین فرنیچر ڈیزائنرز اینڈ پروڈیوسرز کی بھر پور حوصلہ افزائی اور ان کے فرنیچر کی مقامی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی و فروغ کے لیے معاونت کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ خواتین کا فرنیچر سازی میں حصہ لینا صحت مندانہ رجحان ہے اور وہ پر امید ہیں کہ خواتین فرنیچر مصنوعات کی تیاری میں اختراعی اور تعمیری کردار ادا کریں گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فرنیچر کونسل ٹیوٹا کی معاونت سے خواتین کو فرنیچر کی صنعت کے مختلف شعبوں میں تربیت کے لیے معاونت فراہم کرسکتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں