پبلک اکاؤنٹس، استحقاق سمیت دیگر قائمہ کمیٹیوں کی تعداد میں اضافے کا معاملہ

پنجاب اسمبلی کے رولز آف پروسیجر میں ترامیم لانے کا فیصلہ

منگل 15 جنوری 2019 00:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2019ء) پبلک اکاؤنٹس، استحقاق سمیت دیگر قائمہ کمیٹیوں کی تعداد میں اضافے کے معاملہ پر پنجاب اسمبلی کے رولز آف پروسیجر میں ترامیم لانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ آج کے اجلاس میں سپیکر پنجاب اسمبلی کو پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا اختیار دینے کے لیے ترمیم پیش کی جائیں گی۔ جس کے تحت کسی بھی گرفتار رکن سپیکر کو درخواست دے گا۔

جس کے بعد سپیکر گرفتار رکن کے اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے سمن جاری کرے گا۔ متعلقہ اتھارٹی گرفتار رکن کو پنجاب اسمبلی کے سارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کرے گی۔ اجلاس کے اختتام کے بعد گرفتار رکن کو سارجنٹ ایٹ آرمز متعلقہ اتھارٹی کے حوالے کرنے کا پابند ہوگا جبکہ پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس ، استحقاق اور دیگر قائمہ کمیٹیوں کی تعداد میں اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جس کے تحت قائمہ کمیٹیوں کی تعداد 10 سے بڑھا کر 11 کردی گئی ہے جبکہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس کے لیے کورم 3 سے بڑھا کر 4 کردی گئی ہے۔ اسی طرح پبلک اکاؤنٹس اور استحقاق کمیٹی کی تعداد 13 سے بڑھا کر 17 کردی گئی ہے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور استحقاق کمیٹی کا کورم بھی 4 سے بڑھا کر 6 کردیا گیا ہے۔ ایوان کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی کے رولز آف پروسیجر فوری نافذ العمل ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں