وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا کے گرد گھیرا مزید تنگ

اتوار 20 جنوری 2019 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں چھٹی کے روز لاہور میں بڑا آپریشن کیا گیا۔ملاوٹی مرچ مصالحے تیار کرنے پر گرائنڈنگ یونٹ،گلے سڑے پھلوں،کیمیکلز سے مربہ تیار کرنے پر مربہ یونٹ سیل جبکہ 35 ہزار کلو ناقص مرچیںاور1000 کلو مربہ جات برآمد کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرڈی جی فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے گرد گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے لاہور میں بڑا آپریشن کیا ۔ بادامی باغ میں کارروائی کرتے ہو ئے عبداللہ گرائنڈنگ یونٹ کو ملاوٹی مرچ مصالحے تیار کرنے پر سربمہر کر دیا گیا۔یونٹ میں چوکر، برادہ اور کھلے رنگ لگا کر ناقص مرچ مصالحہ جات تیار کیے جارہے تھے۔

(جاری ہے)

فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کے دوران 19 ہزار کلو سرخ مرچ، 17 ہزار کلو ہلدی، بھاری مقدار میں خام مال ضبط کرتے ہو ئے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔ ملاوٹی مصالحہ جات تیار کرنے کے لیے مضر صحت اجزا کو زمین پر ہی مکس کیا جا رہا تھا۔ ناقص مصالحہ جات کو لاہور کے مضافاتی علاقوں میں پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے خلاف بغیر لیبلنگ اور پیکنگ سپلائی کیا جاتا تھا۔

دوسری جانب گلے سڑے پھلوں، سبزیوں اور کیمیکلز سے مربہ جات کی تیاری پر تاج باغ میں بخاری مربہ فیکٹری کو سر بمہر کیا گیا۔چیکنگ کے دوران نیلے ڈرموں میں رکھے مضر صحت مربہ جات میں مچھر اور مکھیوں کی بھرمار پائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ خراب پھل سبزیاں مارکیٹ سے سستے داموں خرید کر مربہ جات کی شکل میں مہنگے داموں فروخت کیے جا رہے تھے۔

350 کلو خراب پھل، 200 کلو شیرا، 50 کلو کیمیکلز، 20 کلو ٹیکسٹائیل کلر اور نیلے کیمیکل ڈرمز برآمدکیے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ خوراک کے نام پر کیمیکل اور گندگی کا زہر فروخت کرنے والوں کا کاروبار بند کر دیا جائے گا۔پنجاب میں خوراک کا کاروبار کرنے والوں کے لیے فوڈاتھارٹی قوانین کے مطابق چلنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے ملاوٹ مافیا کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھنے کی ہدایات کی ہیں۔پنچاب فوڈ اتھارٹی نے خوراک کے کاروبار کی ہر قسم سے متعلق واضح اور مکمل ہدایت نامے جاری کر رکھے ہیں۔ہدایت نامہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ویب سائٹ یا فیس بک پر ان باکس کر کے حاصل کیے جا سکتے ییں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں