نواز شریف کو طبی معائنے کیلئے کوٹ لکھپت جیل سے پی آئی سی لایا گیا

ای سی جی، ایکو کارڈیو گرافی اور تھیلیم ٹیسٹ کیے گئے دل کا سائز معمول سے بڑا پایا گیا ، دل کے پٹھے بھی موٹے ہو گئے ہیں نواز شریف کی آمد کی اطلاع پر پارٹی رہنما اور کارکن بھی ہسپتال پہنچ گئے، سخت سکیورٹی کیوجہ سے مریضوں اور انکے لواحقین کو مشکلات کا سامنا

منگل 22 جنوری 2019 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کو طبی معائنے کیلئے کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیا جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے ،نواز شریف کی ای سی جی، ایکو کارڈیو گرافی اور تھیلیم ٹیسٹ کیے گئے جس کے مطابق نواز شریف کے دل کا سائز معمول سے بڑا پایا گیا جبکہ دل کے پٹھے بھی موٹے ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ کی جانب سے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کوانتہائی سخت سکیورٹی میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیا ۔ سابق وزیر اعظم کی آمد کے پیش نظر ہسپتال کے باہر اور اندر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جس کی وجہ سے ہسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

نواز شریف کی پی آئی سی آمد کی اطلاع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکن بھی ہسپتال پہنچ گئے ۔ذرائع کے مطابق پروفیسر شاہد حمید کی سربراہی میں ڈاکٹروں نے نواز شریف کے دل کے تین ٹیسٹ لیے گئے جس میں ان کی ای سی جی، ایکو کارڈیو گرافی اور تھیلیم ٹیسٹ کیے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایکو کی رپورٹ میں نواز شریف کے دل کا سائز معمول سے بڑا پایا گیا جبکہ دل کے پٹھے بھی موٹے ہو گئے ہیں۔نواز شریف کے تھیلیمم ٹیسٹ کا رزلٹ چند گھنٹوں بعد آئے گا۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی موجود تھے ۔ طبی معائنہ مکمل ہونے پر کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ نواز شریف کو واپس اپنے ساتھ لے گئی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں