ریسکیو1122 نے ٹریفک حادثات سے بچائو کیلئے آگاہی واک ’’"بائیں لین میں سفر‘‘کاانعقاد

موٹرسائیکل سوار بائیں لین اور ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہو کر حادثات سے بچ سکتے ہیں‘ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر

ہفتہ 23 فروری 2019 17:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122) اور اٹلس ہنڈا کے باہمی اشتراک سے روڈ ٹریفک حادثات سے بچائو کیلئے آگاہی واک "بائیں لین میں سفر-" منعقد کی گئی۔جس کی قیادت ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122ڈاکٹر رضوان نصیر نے کی۔موٹر سائیکل سوار ریلی ریسکیو1122مسلم ٹائون سے شروع ہوئی اور براستہ کینال روڈ ، جیل روڈ ،ٹولنٹن مارکیٹ سے ہوتی ہوئی ریسکیو1122ہیڈ آفس ایل او ایس پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی میں مینیجنگ ڈائریکٹر اٹلس ہنڈا ظفر اقبال،ہیڈ آف آپریشنز ایاز اسلم،ہیڈ آف سیفٹی ونگ محمد احسن،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر لاہور شاہد وحیدقمر،ایمرجنسی سروسز اکیڈمی وہیڈ کواٹرز کے افسران ،ریسکیوسکائوٹس، اٹلس ہنڈا کے ورکرز اور ریسکیورز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بانی ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ریسکیو 1122نے اب تک 21لاکھ سے زائد روڈ ٹریفک کے حادثات کے شکار افراد کو ریسکیو سروس فراہم کر چکی ہے۔

ریسکیو 1122روزانہ900سے زائد روڈ ٹریفک حادثات میں ریسکیو سروس مہیا کر رہی ہے ۔ جن میں 80 فیصد سے زائد موٹر سائیکلسٹ ہوتے ہے جن میں سب سے بڑی وجوہات تیز رفتاری، لین کی خلاف ورزی، سیفٹی ہیلمٹ کا نہ پہننا اور کم عمری میں ڈرائیونگ کرنا شامل ہے۔ ڈی جی 1122نے بائیں لین میں موٹر سائیکلسٹ کو رہنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ چند عام سیفٹی اقدامات اپنانے سے آدھے سے زائد حادثات کو ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔

موٹر سائیکل کو ہمیشہ 50کی سپیڈ سے کم چلائیں، موٹر سائیکل چلاتے ہوئے لین بدلنے کیلئے ہمیشہ سائیڈ مرر کااستعمال کریںاورسیفٹی ہیلمٹ باقاعدہ سٹریپ باندھ کے پہنیں۔ ڈی جی 1122نے معاشرے کے تمام لوگوں سے بالخصوص والدین سے درخواست کی کہ وہ اس مہم میں ریسکیو 1122 کا ساتھ دیں۔ ڈی جی ریسکیو نے میڈیا کے کردار کی نہ صرف تعریف کی بلکہ معاشرے میں اس آگاہی کو عام کرنے کی درخواست بھی کی۔

جنرل منیجر سیلز ہنڈا اٹلس ظفر اقبال نے ریسکیو 1122 کے اس آگاہی اقدام کی نہ صرف تعریف کی بلکہ پنجاب ایمرجنسی سروس کی طرف سے حادثے کی صورت میں بروقت ایمرجنسی سروس کی فراہمی پرریسکیو 1122کی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ جنر ل مینجر نے اس آگاہی مہم کوعوام میں پہنچانے کیلئے ریسکیو 1122کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں