حکومت پاکستان کا ویژن، صحت عامہ کے تحفظ کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ایک اور منفرد قدم

غذائی راہ نمائی کے لیے ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کے پہلے پروگرام کا اجراء،36 اضلاع میں نیوٹریشن کلینکس کا قیام ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا ٹریننگ پروگرام کا افتتاح ،50 نیوٹریشن ایکسپرٹ اور 24 پبلک ریلیشن آفیسرز کی تربیت محفوظ خوراک کی فراہمی کے ساتھ عوامی آگاہی کے لیے نیوٹریشن کلینکس کا آغاز قابل تحسین ہے‘ڈاکٹر غزالہ پرویز صحت مند پنجاب کے حصول کے لیے صوبے کے ہر چھوٹے بڑے علاقے تک آگاہی پہنچائیں گے‘ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان

ہفتہ 23 مارچ 2019 00:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) حکومت پاکستان کے ویژن اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک اور منفرد قدم کی بنیاد رکھ دی ہے۔غذائی راہ نمائی کے لیے ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کے پہلے غذائی راہ نمائی اور عوامی آگاہی پروگرام کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نی50 نیوٹریشن ایکسپرٹ اور 24 پبلک ریلیشن آفیسرز کو تربیت دینے کیلئے ٹریننگ پروگرام کا افتتاح کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم پاکستان کی ہدایت اورصحت عامہ کے تحفظ کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غذائی راہ نمائی کے لیے ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کے پہلے پروگرام کا اجراء کر دیا ہے۔غذائی راہ نمائی اور عوامی آگاہی کے لیے 36 اضلاع میں نیوٹریشن کلینکس کا قیام حتمی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے صوبہ بھر میںقائم نیوٹریشن کلینکس کیلئے منتخب کیے گئے 50 نیوٹریشن ایکسپرٹ اور 24 پبلک ریلیشن آفیسرکیلئے نجی ہوٹل میں ٹریننگ پروگرام کا افتتاح کیا۔

پی اینڈ ڈی ایس اور دیگر اداروں کی ماہر غذائیات نے ٹریننگ سیشنز میں خصوصی لیکچرز دیے۔ٹریننگ میں نیوٹریشنسٹ کو جدید تقاضوں اور جغرافیائی مسائل کے مطابق عوام کی راہنمائی کے اصول بتائے گئے۔پی اینڈ ڈی ایس ہیڈ ڈاکٹر غزالہ پرویز کا کہنا تھا کہ محفوظ خوراک کی فراہمی کے ساتھ عوامی آگاہی کے لیے نیوٹریشن کلینکس کا آغاز قابل تحسین ہے۔

ٹرینرز کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نیوٹریشن کلینکس غذائی بیماریوں کا علاج اورمتوازن غذا کے انتخاب میں مشاورت فراہم کرنا خوش آئند عمل ہے۔اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ غذائیت سے بھرپور خوراک کے انتخاب کی آگاہی فراہم کر کے بیماریوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اقدامات کا مقصد عوام کو سادہ اور صحت مند خوراک کے حوالے سے شعور دینا ہے۔

محفوظ خوراک کے استعمال سے عوام کو بیماریوں کے بوجھ سے بچایا جا سکتا ہے۔صحت مند پنجاب کے حصول کے لیے صوبے کے ہر چھوٹے بڑے علاقے تک آگاہی پہنچائیں گے۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھر میں کلینکس 31 مارچ تک فعال کر دیے جائیں گے۔وزیر اعظم پاکستان کے صحت مند پنجاب مشن کی تکمیل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں