آشیانہ سکیم کو ذاتی پبلسٹی کا ذریعہ بنانے والے عام آدمی کو رہائشی سہولیات فراہم نہ کر سکے : میاں محمودالرشید

جمعہ 19 اپریل 2019 00:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2019ء) وزیرہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ آشیانہ ہائوسنگ سکیم کے نام پر سیاست کرنے اور اس کو ذاتی پبلسٹی کا ذریعہ بنانے والوں نے عام آدمی کی رہائش کا مسئلہ حل نہیںکیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ نواز لیگ نے آشیانہ ہائوسنگ سکیم کے نام کو اپنی سیاست چمکانے کیلئے استعمال کیا جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے 70سال میں پہلی بار عوام کو معیاری اور کم لاگت کی رہائشی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی کوششوں کا آغاز کیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبے کے متعدد شہروں میں گھروں کی تعمیر کیلئے جگہ کے حصول کی کارروائی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جا رہی ہے۔ لودھراں، چشتیاں اور رینالہ خورد میں گھروں کی تعمیر کا آغاز جلد کر دیاجائے گا۔ میاں محمود الرشیدنے کہاکہ (ن) لیگ عوام کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے نام پر گمراہ تو کرتی رہی لیکن عملی طور پر اس حوالے سے کچھ نہیںکیاگیا۔ پی ٹی آئی حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق نیاپاکستان ہائوسنگ منصوبہ کے تحت عوام کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں