رمضان المبارک کیلئے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکیج دیا جا رہا ہے، صمصام علی بخاری

عوام کو مہیا کی جانے والی سبسڈی کی مد میں ریکارڈ رقم مختص کی جائے گی ۹ صوبہ بھر میں 309 رمضان بازار لگائے جائیں گے،رمضان المبارک میں 2 ہزار کے قریب دسترخوانوں کا اہتمام کیا جائے گا اشیائے ضروریہ مارکیٹ کے مقابلے میں رمضان بازاروں میں سستے داموں دستیاب ہوں،صوبائی وزیر اطلاعات

جمعہ 19 اپریل 2019 23:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے لئے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا رمضان پیکیج دیا جا رہا ہے جس کے تحت عوام کو مہیا کی جانے والی سبسڈی کی مد میں ریکارڈ رقم مختص کی جائے گی۔ پیکیج کے تحت صوبہ بھر میں 309 رمضان بازار لگائے جائیں گے۔رمضان المبارک میں 2 ہزار کے قریب دسترخوانوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

اشیائے ضروریہ مارکیٹ کے مقابلے میں رمضان بازاروں میں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔یہ بات انہوں نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ آج کے کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ نے حالیہ بارشوں میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے سروے کا حکم دیا اوراسی سروے رپورٹ کی روشنی میں مالی امداد کا فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیںپنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ2019ء کی منظوری دی گئی اورواٹرایکٹ 2019ء کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت واٹر ریسورسز کمیشن قائم کیا جائے گا جس کے چیئرمین وزیراعلیٰ ہوںگے۔واٹر ریسورسز کمیشن پانی کے حصول کیلئے لائسنس کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میںضلع منڈی بہائو الدین کے علاقے رسول میںپنجاپ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔

پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے پا پولیشن ویلفیئر پروگرام پنجاب 2017-20ء کے لئے فنانسنگ کی منظوری دی گئی،شعبہ صحت اور شعبہ پاپولیشن ویلفیئر کے ڈیوالڈ ورٹیکل پروگرامزکے لئے فنڈز کی منظوری دی گئی،ڈینگی کے فوری تدارک کیلئے ریگولیٹری اقدامات کے تحت ٹمپریری ریگولیشنز 2019 کی منظوری دی گئی،پنجاب اینیمل ہیلتھ بل2019 ء کی منظوری دی گئی، گرانٹ کی شرح میں اضافے اور ماہانہ گرانٹ کی اہلیت کے معیار کے از سر نو تعین کیلئے بناویلنٹ فنڈ رولز میں ترامیم کی منظوری دی گئی،720میگاواٹ کے کیروٹ پاور پراجیکٹ کیلئے اراضی کی منتقلی کی منظوری دی گئی،ایل پی جی کی مارکیٹ ویلیو کے مطابق لیکویڈ پٹرولیم گیس کی رائلٹی کے امور کی منظوری دی گئی۔

سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ اجلاس میں پنجاب سیلز ٹیکس کے سروسز ایکٹ 2012 کے سیکنڈ شیڈول میں ترمیم میں ترمیم کی منظوری دی گئی،اجلاس میں واٹر ایکٹ 2019 کے مسودے کی منظوری دی گئی۔ایکٹ کے تحت واٹر ریسورسز کمیشن بنے گا جس کے وزیراعلیٰ چیئرمین ہوں گے۔بغیر لائسنس پانی نکالنے پر پابندی ہوگی۔پنجاب کابینہ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کی منظوری دے دی۔

پنجاب کابینہ نے پنجاب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ریفارمز ایکٹ 2019 کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں بینک آف پنجاب کے نئے صدر کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔محکمہ آبپاشی کے انجینئرنگ سٹاف کی تنخواہوں میں اضافے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔تنخواہوں میں اضافے کے کیس کو کابینہ کمیٹی برائے فنانس میں پیش کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ صوبائی وزراء، مشیران اور معاونین خصو صی تعلیم، صحت اور دیگر اداروں کے دورے کریں۔ عوام کی سہولت کیلئے صحت اور تعلیم کے اداروں کو خوب سے خوب تر بنانا ہے۔ گندم خریداری مہم کیلئے بھی وزراء اور دیگر نمائندے گندم خریداری مراکز کے دورے کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں