پولیس کا صوبہ بھر میں سماج دشمن و جرائم پیشہ افراد کیخلاف کریک ڈائون جاری

منگل 25 جون 2019 23:03

لاہور۔25 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کے احکامات کے تحت صوبہ بھر میں سماج دشمن اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف کریک ڈائون کا سلسلہ جاری ہے ، اس سلسلہ میں سی پی او ملتان عمران محمود کی زیر نگرانی ضلعی پولیس نے 21 جون تا 24 جون تک حساس اداروں، جے ٹی ٹی اور ایلیٹ کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشنز کیے، سرچ آپریشن تھانہ نیو ملتان کے علاقے مکہ ٹائون اور بلوچ کالونی، تھانہ بدھلہ سنت کے علاقے بستی جلیل اور چک نمبر 90 جبکہ تھانہ قادر پور راواں کے علاقے بستی لوٹھڑ اور مونگ وڈھ میں کیے گئے ، سرچ آپریشن کے دوران 24 ویپن برآمد کئے گئے جبکہ 354 گھروں کی تلاشی اور 149 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی، سرچ آپریشن کے دوران 29 افراد کو میچ پر جواء کھیلتے ہوئے ایک لاکھ انہتر ہزار روپے برآمد کر کے جبکہ 25 افراد کو غیر اخلاقی ویڈیوز دیکھتے ہوئے گرفتار کیا گیا، گرفتار افراد کے قبضہ سے 7 ایل سی ڈی، 5 ٹی پی لنک ڈیوائسز سمیت دیگر سامان برآمدکر لیا،اسی طرح سرچ آپریشن کے دوران 6 بدمعاشوں کو ایک مہینہ کیلئے پابند کیا گیا ہے، سی پی او ملتان عمران محمود نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کے احکامات پر ضلع کو جرائم پیشہ افراد اور ناجائز اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے حساس اداروں کے ساتھ مل کر آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے جس میں بڑی تعداد میں ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جا رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ بیس ٹاپ مجرموں کی فہرست مرتب کرنے کے بعد ان کی گرفتاری کیلئے بھی سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ سرچ آپریشنز کی نگرانی میں خود کر رہا ہوں اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ایس او پیز کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے فرائض کی ادائیگی کے دوران قانون پسند شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے کہاکہ سرچ آپریشن کا بنیادی مقصد علاقے سے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ اور ہتھیاروں سے پاک کرنا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں