حکومت پنجاب نے بہبود آبادی پروگرام کیلئے ایکشن پلان کو حتمی شکل دے دی

صحت مند ماں و صحت مند بچہ ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھتے ہیں، صوبائی وزیر کرنل (ر) ہاشم ڈوگر

پیر 15 جولائی 2019 23:37

لاہور۔15 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) وفاقی حکومت کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے حکومت پنجاب نے صوبہ میں بہبود آبادی کے جامع پروگرام پر عملدرآمد کیلئے ایکشن پلان کو حتمی شکل دیدی ہے،یہ بات صوبائی وزیر بہبود آبادی کرنل (ر) ہاشم ڈوگر اور چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائی گئی، سیکرٹری بہبود آبادی نے اجلاس کو محکمے کی کارکردگی، سٹرکچر اور جاری منصوبوں بارے بریفنگ دی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ صحت مند ماں اور صحت مند بچہ ہی صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت آبادی میںبے پناہ اضافے جیسے سنگین مسئلہ سے بخوبی آگاہ اور بجٹ میں محکمے کیلئے گزشتہ برس کے مقابلے میں دگنی رقم مختص کی گئی ہے،انہوں نے ہدایت کی کہ ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے پروگرامز پر کامیابی سے عملدرآمد کیلئے محکمہ صحت سے رابطہ بڑھایا جائے، چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کا کہنا تھا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ اگر اس اہم مسئلے پر توجہ نہ دی گئی تو آئندہ سالوں میں اس سے جنم لینے والے مسائل پر قابو پانا مشکل ہو جائے گا،انہوں نے کہا کہ عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، اس سلسلے میں عوام میں شعور و آگاہی بڑھانے کیلئے حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں میں علما ء کرام کی مدد بھی لی جائے ، انہوں نے ہدایت کی کہ کونسلنگ کے پروگرام میںتھیلیسیمیا اور دیگر جینیاتی بیماریوں بارے معلومات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے، انہوں نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری اور گورننس کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے، انہوں نے سیکرٹری بہبود آبادی کو آئی ٹی کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمے کی استعداد کار بڑھانے کی ہدایت بھی کی، اجلاس میں محکمہ بہبود آبادی کے افسران نے بھی شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں