کشمیریوں کے حقوق غصب کرنیوالے بھار ت سے انصاف کی امید نہیں : ناصر ڈار

کرفیو کی آڑ میںکشمیریوں کے ساتھ کیا کچھ ہوا، عالمی ضمیر سچائی تک رسائی یقینی بنائے

بدھ 18 ستمبر 2019 00:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2019ء) آزادکشمیر حکومت کے وزیرٹرانسپورٹ ،جنگلات اورفشریز ناصر حسین ڈار نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حقوق غصب کرنیوالی بھارتی ریاست انصاف نہیں کرسکتی۔ انسانیت سے عاری دشمن بھارت سے کچھ بعید نہیں، کرفیو کی آڑ میںکشمیریوں کے ساتھ کیا کچھ ہورہا ہے اس سلسلہ میں عالمی ضمیر سچائی تک رسائی یقینی بنائے۔

جموں وکشمیر میں بڑے پیمانے پرٹارگٹ کلنگ ،کریک ڈائون اورآبروریزی کی اطلاعات ہیں۔بھارت باتوں سے بازنہیں آئے گی ،دنیا کو طاقت کی زبان استعمال کرناہوگی ۔ بھارتی سپریم کورٹ نے مودی سرکار کے ماورائے آئین اقدام کیخلاف دوٹوک فیصلہ نہیں دیا،مودی سرکار کی ہٹ دھرمی اور بے شرمی میں کوئی کمی نہیں آئی ۔کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی اورکشمیریوں کی آزادی تک وہاں امن وآشتی اورخوشحالی کادور واپس نہیں آئے گا۔

(جاری ہے)

جموں وکشمیر کے غیورعوام سات دہائیوں سے بھارتی فسطائیت اوراستبداد کاسامنا کررہے ہیں،انہوں نے اپنے خون سے تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ لکھی ہے ۔وہ کاشانہ ویلفیئرہوم کے دورہ کے دوران وہاں سپرنٹنڈنٹ مسزافشاں لطیف اور یتیم ونادار بیٹیوں کے ساتھ گفتگوکررہے تھے ۔وہ کاشانہ میں بھارتی جارحیت کیخلاف سربکف معتوب کشمیریوں کی استقامت اورآزادی کیلئے اجتماعی دعا میں بھی شریک ہوئے ۔

ناصر حسین ڈار نے سپرنٹنڈنٹ مسزافشاں لطیف کے ہمراہ کاشانہ میں زیرکفالت بیٹیوں کی دستکاری مصنوعات کے سٹال کامعائنہ بھی کیا اوربیٹیوں کے ہنر کوسراہا۔ناصر حسین ڈار نے مزید کہا کہ دنیا کی مقتدرقوتیں فوری طورپر اپنے اپنے پارلیمانی وفود اور '' آبزرور''جموں وکشمیر بھجوانے کااہتمام کریں اورشواہد کی بنیادپرچندروز بعداقوام متحدہ کے ہونیوالے اہم اجلاس میں بھارت سے بازپرس کرنے کے ساتھ ساتھ اہل کشمیر کی اجتماعی خواہشات کے مطابق ان کی آزادی کیلئے کرداراداکریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں